ہندوستانی وزیر اعظم کے طیارے نے فرانس جاتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال کیا اور 34 ہزار کی بلندی سے لاہور کے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔
نریندرمودی ایک خصوصی طیارے میں سفر کرتے ہوئے نئی دہلی سے پیرس کے لیے روانہ ہوئے۔ یہ طیارہ لاہور کے قریب پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور شیخوپورہ، حافظ آباد، چکوال اور کوہاٹ سمیت کئی علاقوں سے گزرتے ہوئے 34 ہزار فٹ کی بلندی پر اپنا سفر جاری رکھا۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ مودی کے طیارے نے تقریباً 41 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں سفر کیا لیکن پاکستانی حکومت یا اس کے عوام کے لیے کوئی خیر سگالی کا پیغام نہیں چھوڑا۔
ایوی ایشن حکام نے واضح کیا کہ چونکہ افغان فضائی حدود اس وقت بند ہے، اس لیے بھارتی وزیراعظم مودی کو اس پرواز کے راستے کی خصوصی اجازت دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 26 فروری 2019 کو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کی بین الاقوامی حدود اور فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد اپنی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔
اس کے باوجود، پاکستان نے تنازعہ کشمیر پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان، 2019 کے آخر میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی جرمنی کی پرواز کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم پیرس میں اے آئی سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کی صدارت کریں گے اور نریندر مودی فرانس کا دورہ مکمل کرکے 12 فروری کو امریکا جائیں گے۔