پی ٹی آئی صدر کراچی راجہ اظہر نے ڈمپر سے جانی حادثوں میں اضافے پر ڈمپر مافیا کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی جان بوجھ کر کراچی میں فسادات پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے، جس میں پی ٹی آئی صدر راجہ اظہر نے کہا ہےکہ ایک طبقہ کراچی کو ایک بار پھر دوبارہ سے پرانے ادوار کی یاد تازہ کروارہا ہے ، کراچی کے امن کو خراب کرنے کے لیئے لسانی فسادات کو فروغ دیا جارہا ہے ۔
راجہ اظہر نے کہا ہے کہ انتظامیہ سے سوال ہے کہ جو ڈمپر سے حادثات ہورہے ہیں کون ذمہ دار ہے ؟ شہری کی جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے ۔
پی ٹی آئی صدر کراچی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہر کراچی میں حادثات کی تعداد بڑھ گئی ہے، کوئی روکنے والا نہیں ۔ کچھ لوگ ڈمپروں کو جلانے میں بھی ملوث ہیں، یہ لسانیت کو ہوا دی جارہی ہے ، ڈمپر والوں نے حد کراس کردی ہے، انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
راجہ اظہر نے کہا ہے کہ ڈمپر ایسوسی ایشن سے گزارش ہے کہ سینئر ڈرائیورز سے ڈمپرز چلوائیں، ہماری ماؤں، بہنوں، بچوں پر اندھا دھند ڈمپر چڑھا دیئے جاتے ہیں، جن سے اموات ہورہی ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی جان بوجھ کر کراچی میں فسادات پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔
پی ٹی آئی صدر نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ، انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور اس سب کو رکوائیں۔
ڈمپر کی روڈ کی ٹائمنگ 11 سے صبح 6 بجے ہے، اس سے قبل روڈوں پر نا آنے دیں۔ روڈوں پر آگ لگانے والے فسادیوں کے لیے بھی پیغام ہے کہ انسان بنیں ، اگر یہ سلسلہ نا روکا گیا تو پی ٹی آئی اس پر ایسوسییشن کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔