صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک کے معاملات میں دخل اندازی کبھی چین کی پالیسی نہیں رہی ہے، چین کی ترقی سے دنیا کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
صدر مملکت نے چینی سرکاری میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثبت قدم ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم دہائیوں سے چین کے پڑوسی ہونے کے ناطے جانتے ہیں کہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران چین کی تیز رفتار ترقی اور تبدیلی نے انہیں بہت متاثر کیا، چین کے ہر شخص کا اپنے شعبے میں بہترین کام، قوم کے اجتماعی فائدے کا باعث بن رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ چین کا عروج ایک مثبت پیشرفت ہے، اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔چینی خارجہ پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ خطے میں استحکام کا ذریعہ ہے۔
اس کے علاوہ صدر زرداری نے پاک چین دوستی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ چین کا پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں کلیدی کردار رہا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر کاربند ہیں، پاکستان میں چینی انجینئرز پر کئی مرتبہ دہشتگردانہ حملے ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔
چین نے پاکستان میں گوادر کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باضابطہ افتتاح کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے گوادر پورٹ کی جامع ترقی اور آپریشن کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
گوادر پورٹ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں اطراف سے رابطے اور تجارت کے ایک اہم مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت کو بہترین طریقے سے استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
چینی کمپنیوں کو پاکستان کی کان کنی کی صنعت میں سرمایہ کاری اور تعاون کی ترغیب دینے اور پاکستان میں تیل اور گیس کی سمندر میں تلاش میں چینی کمپنیوں کی شرکت کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
موقف اپنایا گیا ہے کہ ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا تمام فریقوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
پاکستان اور چین نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کی ضرورت اور کسی بھی یک طرفہ کارروائی کی ان کی مخالفت کا اعادہ کیا۔
دونون ہمسایہ ممالک نے غزہ میں فائر بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ اس ’معاہدے پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد ہوگا، جس سے غزہ میں مکمل اور مستقل فائر بندی ہوگی۔