Follw Us on:

وزیراعلیٰ زراعت کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات پر عمل پیرا ہیں:عاشق حسین کرمانی

زین اختر
زین اختر

 وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، ساٹھ فیصد لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں گے تو کل کام آئے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب زراعت کی ترقی کے حوالے سے مثالی اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

انھوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ زرعی شعبے میں آج بھی پرانی طرز پر کام ہو رہا ہے، ہم اپنی سمت کا تعین نہیں کر پا رہے ہیں۔

عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں دس لاکھ ایکڑ زمین پر کپاس کاشت کرنے جا رہے ہیں۔ایگری مال کے ذریعے کسانوں کو تمام سہولتیں ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گے، کسانوں کو زرعی مشینری کے ساتھ ڈرونز بھی کرائے پر دیں گے۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سال میں لوگوں سے کیے تمام وعدے پورے کیے، فوڈ سکیورٹی کے لیے کارپوریٹ فارمنگ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کسانوں کو تمام زرعی سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے، چولستان میں ’گرین پاکستان‘ منصوبے کے آغاز پر کنڈائی اور شاپو کے علاقوں میں منصوبوں کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 

گرین مال اینڈ سروس کمپنی، اسمارٹ ایگری فارم، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز کا افتتاح بھی کیا گیا ہے، تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، جدید زراعت میں صوبہ پنجاب اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے علاوہ نیشنل فوڈ سیکیورٹی و تحقیق کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک بھی شریک ہوئے۔

پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی، وزیر آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ کے علاوہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکریٹری بھی موجود تھے۔

گرین ایگری مال اینڈ سروسز سروس کمپنی کسانوں کو ان کے گھر کے دروازے پر معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی۔ایک چھت تلے، ایک کمپنی کے ذریعے کسانوں کو زراعت سے متعلق تمام سہولت میسر ہوں گی۔

منصوبے کے تحت زمین کی جانچ سمیت تحقیق سے متعلق لیبارٹری کی تمام خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، یہ ادارہ زرعی تعلیم اور تحقیق کرنے والے ملک بھر کے تمام داروں کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔

زین اختر

زین اختر

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس