انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میں ہونے والے میچز کی اضافی ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق انڈیا کے میچز اور سیمی فائنل ون کی ٹکٹوں کی فروخت دبئی ٹائم کے مطابق دوپہر 12 بجے شروع ہوئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں میں فینز کی دلچسپی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔
کرکٹ شائقین اب اضافی ٹکٹوں کی فروخت سے دبئی میں بھی میچز دیکھ سکیں گے۔آئی سی سی کے مطابق دبئی میں بیس، تئیس فروری اور دو مارچ کو گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔
دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو ہوگا، پاک بھارت ٹاکرا دبئی میں 23فروری کو شیڈولڈ ہے جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، چیمپئنز ٹرافی کی خصوصی تقریب آج لاہور شاہی قلعہ میں سجے گی۔
افتتاحی تقریب میں کرکٹ لیجنڈز کی پینل ڈسکشن ہوگی، پی سی بی اور آئی سی سی کے اہم عہدیداران اور دیگر مہمان تقریب میں شریک ہوں گے، گلوکار عاطف اسلم چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ گائیں گے۔
چیمپئنزٹرافی کا آغاز19 فروری کو کراچی میں ہوگا، پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا، کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں میدان سجے گا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعامی رقم کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق سال 2017 کے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیمیں 2.24 ملین امریکی ڈالر (پاکستانی 62 کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم کے لیے مقابلہ کریں گی۔
رنرز اپ کو 1.12 ملین امریکی ڈالر (پاکستانی 31 کروڑ روپے) ملیں گے، جبکہ ہر ہارنے والے سیمی فائنلسٹ ٹیم کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر (15 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔