وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جب حکومت ملی تو مہنگائی کی شرح 38 فیصد تھی جوکہ اب 4 فیصد پر آ گئی ہے جبکہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی سوا دو فیصد پر تھی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام جلائو گھیرائو سے تنگ آ چکے ہیں، اب وہ اپنا گھر چلانا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے میرے ساتھ یونیورسٹیز جا کر ساتھ دیکھ لیں کہ طلبا میرے ساتھ ہیں، جب بجلی سستی ہوگی تو کاروبار میں اضافہ ہوگا، دس لاکھ قرض کے لیے ایک لاکھ سے زائد درخواستیں آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مفت پلاٹس کی سکیم لائی جا رہی ہے، میرے مخالفین نے جو میرے خاندان کے ساتھ کیا جو میری پارٹی کے ساتھ کیا وہ اللہ اور ان کا معاملہ ہے، ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، الزامات لگانا، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا بہت آسان ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو پنجاب میں کاروبار کرنا چاہتا ہے وہ فوری طور پر اس کا آغاز کرے، این او سی بعد میں بنتے رہیں گے، اگر کوئی اڈیالہ جیل میں اچھا کھانا کھا رہا ہے تو اس سے بھی اچھا کھائے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
حالات نے کیسا پلٹا کھایا ہے کہ وہ شخص آج میرے پاس اڈیالہ جیل میں بند ہے، نہ میں نے کہا کہ کسی کو پکڑو نہ کہا اسے چھوڑ دو۔
انھوں نے کہا کہ بہت سالوں کے بعد کفر ٹوٹا ہے خدا خدا کر کے، عالمی ٹیمیں پاکستان کھیلنے کے لیے آ رہی ہیں ، سٹیڈیمز پڑھے لکھے لوگوں سے بھرے پڑے ہیں۔
فیملیز آ رہی ہیں ، پرانی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، اللہ کرے یہ سلسلہ اسی طرح قائم و دائم رہے۔