انڈیا کی جانب سے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی صحافیوں کو ویزے نہ دینے کے باوجود پاکستان کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے درخواست دینے والے تمام انڈین صحافیوں کے ویزے جاری کر دیے گئے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو کے مطابق انڈیا سے 7 صحافیوں نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا تھا، تمام بھارتی صحافیوں کے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں اور کسی کا ویزا مسترد نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان کی میزبانی میں 19 فروری سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ، انڈیا، آسٹریلیا سمیت 8 بڑی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور کیویز کے مابین 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کی فروخت شروع
دوسری جانب انڈیا نے پاکستان میں اپنے میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انڈیا کے تمام میچز دوبئی میں منتقل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ 1 سیمی فائنل بھی دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑا ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی2023 کے ورلڈ کپ میں انڈیا کی جانب سے صحافیوں سمیت کسی بھی پاکستانی کو ویزا نہیں دیا گیا تھا، مگر اس کے برعکس پاکستان کی جانب سے درخواست دینے والے تمام انڈین صحافیوں کے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔