پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں آئی تو 26 ویں آئینی ترمیم کو ختم کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ترمیم ملک کی سیاست کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت اسے مسترد کرے گی۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ میں عمر ایوب کے مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 35 دنوں کے لیے ضمانت دے دی۔
اس دو رکنی بنچ جس میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبدالفیاض شامل تھے انہوں نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ عمر ایوب متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں گے۔
اس موقع پر عمر ایوب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف 70 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر بے شمار جعلی کیسز کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کا رابطہ نہیں رکھتے اور ملک بھر میں تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لازمی پڑھیں: مریم نواز کے کاروبار کی ترقی کے لیے اقدامات: فلاحی سکیموں کا اعلان کردیا
عمر ایوب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی پاکستان کی عدلیہ سے بات چیت کر چکے ہیں اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں قوت خرید کم ہو رہی ہے لوگ زمینیں بیچ کر ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں اور نوجوان لاکھوں روپے خرچ کر کے بیرون ملک جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان میں تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو چکی ہیں اور رمضان کے بعد ایک بھرپور سیاسی مہم چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کو ختم کرنا پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہوگی۔
دوسری جانب لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق عمر ایوب کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں مزید 14 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔
اس دوران پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔
ان کا موقف ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سیاست میں بہتری لانے اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
سیاسی منظرنامے میں یہ بات واضح ہے کہ عمر ایوب اور ان کی جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا عزم جواں ہے اور ان کا مقصد ملک میں سیاسی، معاشی اور آئینی اصلاحات کا نفاذ ہے، تاکہ عوامی مشکلات کا حل نکالا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان سے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی ختم کردی‘ اسحاق ڈار کا دعویٰ