پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں انڈیا کے جھنڈے کی غیر موجودگی پر وضاحت پیش کی ہے۔
اس وضاحت میں پی سی بی نے کہا ہے کہ انڈیا کا جھنڈا جان بوجھ کر نہیں ہٹایا گیا، بلکہ یہ فیصلہ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کیا تھا۔
ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں نیشنل اسٹیڈیم کی چھت پر تمام شریک ممالک کے جھنڈے لہرائے جاتے ہوئے نظر آ رہے تھے لیکن انڈیا کا جھنڈا غائب تھا۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑادی تھی اور کچھ لوگوں نے یہ قیاس کیا تھا کہ پی سی بی نے انڈیا کے ساتھ سیاسی تعلقات کی بنا پر جان بوجھ کر ان کا جھنڈا ہٹایا ہے، کیونکہ انڈیا اپنے میچ پاکستان میں نہیں کھیل رہا۔
دوسری جانب پی سی بی نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ آئی سی سی کا تھا۔ آئی سی سی نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ صرف چار جھنڈے میچ کے دن لہرائے جائیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہدایت کی تھی کہ سٹیڈیم میں آئی سی سی کا جھنڈا، پی سی بی کا جھنڈا، اور ان دو ٹیموں کا جھنڈا لہرایا جائے گا جو اس روز میچ کھیل رہی ہوں گی۔
چونکہ انڈیا اس ٹورنامنٹ میں پاکستان میں اپنے میچ نہیں کھیل رہا، اس لیے ان کا جھنڈا کراچی، لاہور یا راولپنڈی کے کسی بھی سٹیڈیم میں نہیں لہرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے سٹار باؤلر چیمپئنز ٹرافی سے ایک دن پہلے باہر ہوگئے
پی سی بی کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ “آئی سی سی نے ہمیں یہ واضح ہدایت دی ہے کہ صرف چار جھنڈے ہونگے جو کہ ایونٹ کے دن لہرائے جائیں گے، یہ فیصلہ صرف آئی سی سی کا ہے، نہ کہ پی سی بی کا۔”
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شروغ میں صرف صرف آج کا دن رہ گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں انڈیا گروپ اے میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات بھی کرکٹ میدان میں ہمیشہ متنازعہ رہتے ہیں، جس کا اثر کھیلوں کے حوالے سے بھی نظر آتا ہے۔
اس کے علاوہ 19 فروری 2025 کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
پاکستانی شائقین کرکٹ اس میچ کو بے حد دلچسپی سے دیکھنے کے منتظر ہیں جبکہ انڈین جھنڈے کے غیاب پر سوالات اور بحث کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس وضاحت کے بعد پی سی بی نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ ایونٹ کی کامیاب تنظیم کے لیے تمام اقدامات آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی ملک کے جھنڈے کے غیاب کو سیاست کے ساتھ جوڑنا غیر ضروری ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ تعلقات ہمیشہ پیچیدہ اور کشیدہ رہتے ہیں، اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے جھنڈے کی غیر موجودگی نے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے، جس پر شائقین اور تجزیہ کار دونوں کی نظریں مرکوز ہیں۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025: کس میں ہے کتنا دم؟