رکن مرکزی کمیٹی اور سینیئر رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے حادثات سیاسی یا انتظامی مسئلہ نہیں، بلکہ انسانی مسئلہ ہیں، یہ حادثات لسانی مسئلہ نہیں اور نہ ہی انھیں بنایا جانا چاہیے۔
سینیئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تمام جماعتوں کا تفصیلی اجلاس ہوا، جہاں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور مختلف مسائل بالخصوص ٹریفک حادثات پر گفتگو کی گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز حادثے کے ذمے دار واٹر ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے، مزید یہ کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس طرح کی پہلے بھی میٹنگز ہوتی رہی ہیں اور یہ پہلی نہیں تھی، ان واقعات پر ہم سب کو سیاسی بیان بازی نہیں کرنی چاہیے۔
مزید پڑھیں: کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے شہری کی موت، پانچ ٹینکروں کو آگ لگا دی گئی
دوسری جانب بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرنے والے سینیئر رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی کی ہدایت پر کانفرنس میں شرکت کی ہے، یہ حادثات سیاسی یا انتظامی مسئلہ نہیں، بلکہ انسانی مسئلہ ہیں۔
رکن مرکزی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 100 سے زیادہ شہری کراچی میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو ئے ہیں، ہم سب مسئلے کے حل کے لیے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ کراچی میں آئے روز ہونے والے حادثات لسانی مسئلہ نہیں اور نہ ہی اس کو لسانی مسئلہ بنانا چاہیے۔ تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات مناسب نہیں ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حادثات کے ذمے دار ڈرائیورز کو گرفتار کیا جائے اور مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔