سابق وزیرِاعظم اور صدر ن لیگ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف سے رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام و تفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر ملک اپنے پاوں پر کھڑا ہو رہا ہے۔ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں۔
مزید پڑھیں: گرین الیکٹرک بس قائد نواز شریف کا وژن ہے، مریم نواز
سابق صدر نے کہا کہ 2013 سے شروع ہونے والا تعمیر وترقی کا سفر جاری رہتا، تو آج آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ بیرونی مدد کی۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
نواز شریف نے کہاکہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔