صوبائی وزیر صحت کی زیر نگرانی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا، جس میں فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں برٹش وفد کے دورہ کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اورمتعلقہ حکام نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ڈی جی پروٹوکول انعام الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ اور ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن سجاد خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مزید کمشنر فیصل آباد ڈویڑن مریم خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ذمہ داران نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں برٹش وفد کے دورہ کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا۔متعلقہ حکام نے اس حوالہ سے بریفننگ بھی دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 24 فروری کو برٹش وفد یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا دورہ کرکے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی روانہ ہو جائے گی، برٹش وفد میں ایڈن لٹل ہارٹس تنظیم سے پروفیسر عمران سعید، ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر سندیپ شامل ہوں گے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہناہے کہ غیر ملکی کارڈیک سرجنز فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں معصوم بچوں کی ہارٹ سرجریز کریں گے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ان کارڈیک سرجنز کے زیر نگرانی ہونے والی ہارٹ سرجریز کو مانیٹر کریں گی، اس حوالے سے ہارٹ سرجریز کروانے والے معصوم بچوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
ڈاکٹر فرقد عالمگیر کے توسط سے یہ برٹش وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، برٹش وفد میں شامل کارڈیک سرجنز کا پاکستان میں پانچ روزہ دورہ ہو گا۔
وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹر رزاق اور ڈاکٹر ضیغم سے اس حوالہ سے مکمل کوارڈی نیشن ہو رہی ہے۔ برٹش وفد کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں کارڈیک سرجری سے متعلق مکمل بریفننگ دی جائے گی۔