ٖفخر زمان انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فخر زمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے فخر زمان میگا ایونٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
یاد رہے پاکستان کے پاس فخر زمان کے علاوہ کوئی دوسرا اسپیشل اوپنر نہیں ہے۔
بدھ کو فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران پہلے اوور میں ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
گھٹنے کی تکلیف کے سبب فخر کو 2 مرتبہ میدان سے باہر جانا پڑا، ٹریٹمنٹ کے بعد وہ دوبارہ میدان میں آگئے پھر انہوں نے اننگز کے آخر تک فیلڈنگ کی۔
فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ کرنے بھی نہ آئے۔ فیلڈ سے باہر رہنے کی وجہ سے ان کو 20 منٹ انتظار کرنا پڑا اور وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔ لیکن وہ بیٹنگ کے دوران بھی تکلیف میں دکھائی دیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان آئی سی سی چمپئینز ٹرافی 2025 سے باہر ہوگئے ہیں، فخر زمان ٹیم کے ہمراہ دبئی روانہ نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق فخر زمان کی جگہ امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، پی سی بی کے مطابق فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کی شمولیت آئی سی سی رولز کے مطابق ہوئی ہے۔