میو ہسپتال کے شعبہ آرتھو پیڈک وارڈ میں لگی لفٹ میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، جس سے 11 نرسز متاثر ہوئی۔
لفٹ میں چھے افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی جبکہ غیر دانستہ طور پر 13 افراد کے سوار ہونے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں کل 13 میں سے 11 نرسسز متاثر ہوئیں۔ ان گیارہ نرسسز میں سے تین کو فریکچر ہوا جبکہ آٹھ کو معمولی چوٹیں آئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال کے عملہ نے بروقت طبی امداد فراہم کی اور وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر احسن نعمان، چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر یار محمد اور دیگر فیکلٹی ممبران نے تمام تر علاج معالجے کو موقع پر موجود رہ کر مکمل کروایا ۔
حادثے میں تمام نرسسز خطرے سے باہر ہیں اور آٹھ متاثرین کو آج شام تک ڈسچارج کر دیا جائے گا جبکہ دو نرسسز کے ہڈی کے آپریشن اور ایک کو پلاستر کے ساتھ علاج کیا جائے گا۔
اس موقع پر پروفیسر فیصل مسعود کا کہنا ہےکہ لفٹ کے حادثے میں لفٹ آپریٹر موجود تھا جو کہ اس حادثے کو قابو پانے میں قاصر رہا، مزید تحقیقات اور ضروری کاروائی کے لئے پروفیسر ابرار اشرف کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی رپورٹ آنے پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی