April 19, 2025 12:52 pm

English / Urdu

Follw Us on:

“پیپلز پارٹی کو اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا ورنہ کراچی کے شہری اپنا حق لینا جانتے ہیں”امیر جماعت اسلامی کراچی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
"پیپلز پارٹی کو اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا ورنہ کراچی کے شہری اپنا حق لینا جانتے ہیں"امیر جماعت اسلامی کراچی( فائل فوٹو)

جماعت اسلامی نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ، خونی ڈمپر و ٹینکر کی ٹکر سے شہریوں کی اموات کے خلاف15 سے زائداحتجاجی مظاہرے کیے، جس میں شہریوں نے صوبائی حکومت کے خلاف مظاہرے کر کے اپنے حق کے لیے آواز بلند کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کہتے ہیں کہ یہ انتظامی مسئلہ ہے سیاسی مسئلہ نہیں،وزیر اعلی بتائیں کہ اگر شہریوں کو دن دہاڑے ہلاک کیا جارہا ہے تو شہری احتجاج بھی نہ کریں، پیپلز پارٹی کو اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا ورنہ کراچی کے شہری اپنا حق لینا جانتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کرچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نااہلوں کی حکومت ہے جو صرف وسائل پر قبضہ کرنا جانتی ہے،کراچی کے شہریوں کے بچے گٹر میں گر کر جاں بحق ہورہے ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں۔

منعم ظفر خان نے کراچی میں جرائم کے بڑھتے ہوئے کیسزپر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال مسلح ڈکیتی و اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں 70 ہزار شہری ہلاک ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کہتے ہیں کہ ہم نے ٹریفک حادثات پر نوٹس لے لیا ہے،ہم کہتے ہیں کہ آپ 100 میٹنگز کریں لیکن مسائل بھی حل کریں۔

کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ، خونی ڈمپر و ٹینکر کی ٹکر سے شہریوں کی اموات کے خلاف15 سے زائداحتجاجی مظاہرے کیے ( فائل فوٹو)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی لاوارث نہیں ہے ، جماعت اسلامی شہر کی توانا آواز ہے، جماعت اسلامی نے ہر محاذ پر اہل کراچی کا مقدمہ لڑنا ہے،کراچی کے شہریوں کو ریلیف ہر صورت دینا ہوگی، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیفٹی قوانین پر عمل کروایا جائے۔

 امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کا وفاق میں اتحاد ہے، اپنی تنخواہوں میں 140 فیصد اضافہ تو کرلیا لیکن کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ شہر میں شاہراہ بھٹو کے پینا فلیکس لگوائے جارہے ہیں لیکن شہریوں کے لیے کچھ نہیں کیا جارہا۔

منعم ظفر کا مزید کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے ظلم کے نظام اور ظالموں کے گٹھ جوڑ کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے،جماعت اسلامی گلی گلی عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی، اگر حکومت اپنا کام ٹھیک کرے گی تو ہم تعاون کریں گے،اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دی تو ہمارے پاس تمام آپشن موجود ہے اور ہم ہر آپشن پر عمل کرنے پر غور کریں گے۔

جماعت اسلامی نے آئی جی اور ڈی آئی جی سے ملاقات کی اور اپنی سفارشات پیش کیں ہیں۔

واضح رہے کہ2024 میں 775 شہری ڈمپر و ٹینکر کی ٹکر و ٹریفک حادثات کا شکار ہوگئےاور 8 ہزار شہری ٹریفک حادثات میں زخمی ہوگے اور 2025 کے سال کے صرف 50 دن ہوئے ہیں جس میں 110 شہری جاں بحق اور 1500 سے زائد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس