پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار کو ہوگا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک کے کسی حصے سے رمضان کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم رمضان المبارک 1446 ہجری 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہو گا،نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
لاہور میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیےصوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کااجلاس ہوا، جس کی صدارت ڈی جی مذہبی امور خالد محمود نے کی، محکمہ اوقاف اور صوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کےممبران بھی چاند دیکھنے کے لیے موجود تھے، مگر چاند نظر نہ آیا۔
مزید پڑھیں: رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا
پشاورمیں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے عید گاہ میں انتظامات کیے گئے، ٹیلی سکوپ اور ایچ ٹی ایس سسٹم فعال رہے، محکمہ موسمیات اور سپارکو کی ٹیمیں بھی موجود رہیں لیکن چاند نظر نہ آیا۔
محکمہ موسمیات کراچی میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی نے کی، اجلاس میں زونل کمیٹی کے ممبران، ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات سے دیگر شریک ہوئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صبح 5 بج کر 44 منٹ پرچاند کی پیدائش ہوئی ہے اور چاند نظر آنے کیلئے اس کی عمر 16 سے 18 گھنٹے ہونی چاہیے۔
پاکستان، ملائیشیا، برونائی دارالاسلام اور انڈونیشیا، سنگا پور، سری لنکا، بھارت، جاپان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں پہلا روزہ دو مارچ یعنی اتوار کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان کی آمد، 88 فیصد پاکستانی اشیائے خورونوش کی خریداری سے پریشان، 70 فیصد نے ملکی سمت کو غلط قرار دے دیا
دوسری جانب سعودی عرب، عمان، آسٹریلیا، روس اور نیوزی لینڈ میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، پہلا روزہ یکم مارچ بروز ہفتے کو ہوگا۔
آسٹریلوی وزیر اعظم نے رمضان کے آغاز پر نیک تمنائوں کا اظہارکیا ہے، سعودی حکومت کی طرف سے بھی سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم تمام افراد کو رمضان المبارک کی مبارک باد دی گئی ہے۔