پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے 15 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی کالز کے مؤثر اور بروقت ازالے کے لیے ایک جدید ٹریکنگ پورٹل متعارف کروایا دیا گیا، جس سے شہری اپنی شکایات کی پیش رفت با آسانی ٹریک کر سکیں گے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹریکنگ پورٹل متعارف کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوامی فلاح کے لیے قائم کردہ مراکز کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور شہریوں کو ان کی درخواستوں اور شکایات کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ جدید پورٹل ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی اور ورچوئل سنٹر فار مائناریٹیز کے تحت درج کی گئی شکایات کی تازہ ترین معلومات فراہم کرے گا۔ شہری اب اپنی شکایات اور درخواستوں کی پیش رفت کو مؤثر اور آسان انداز میں ٹریک کر سکیں گے۔

پورٹل کے استعمال کے لیے ہر درخواست گزار کو ایک یوزر نیم اور پاسورڈ فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ کسی بھی وقت اپنی شکایت کی موجودہ صورتحال چیک کر سکتے ہیں اور اگر شہری اپنی درخواست یا سروس کے حوالے سے مطمئن نہ ہوں تو وہ فیڈ بیک دے کر مزید شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں سرخ کے بعد بسوں کا ’سبزانقلاب‘ پنجاب حکومت چاہتی کیا ہے؟
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا یہ اقدام شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے اور عوامی فلاح کے لیے قائم کردہ مراکز کے نظام میں شفافیت کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ فوری مدد اور شکایات کے حل کے لیے ٹریکنگ پورٹل کا استعمال کریں۔
ٹریکنگ پورٹل: یہاں پر کلک کریں