April 21, 2025 12:35 am

English / Urdu

Follw Us on:

’عید کے بعد مہنگائی کے خلاف ملین مارچ کریں گے‘ جماعت اسلامی کا اعلان

مظہر اللہ بشیر
مظہر اللہ بشیر
امیر جماعت اسلامی کراچی نے اعلان کیا کہ وہ عید کے بعد کراچی میں مہنگائی کے خلاف ایک بڑے ملین مارچ کا انعقاد کریں گے، تاکہ عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی جا سکے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے اعلان کیا کہ وہ عید کے بعد کراچی میں مہنگائی کے خلاف ایک بڑے ملین مارچ کا انعقاد کریں گے، تاکہ عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کے سنگین مسائل، گیس و پانی کی قلت، مہنگائی اور حکومتی نااہلی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اسے حکمرانوں نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، اور عوام ان مسائل کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔

 

انہوں نے گزشتہ روز بنوں چھاؤنی میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے پاکستان دشمن قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن بدقسمتی سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

 

منعم ظفر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تہواروں کے مواقع پر عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے، لیکن ہمارے حکمران ایسے اقدامات کی بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔ رمضان اور عید جیسے مواقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں، لیکن کمشنر کراچی اور ان کی ٹیم مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔

 

انہوں نے شہر میں جاری گیس کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے اوقات کار جاری کیے جانے کے باوجود شہریوں کو سحر و افطار کے وقت گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی کی عدم دستیابی بھی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، جبکہ ٹینکر مافیا اربوں روپے کما رہا ہے اور عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

 

منعم ظفر نے کہا کہ کراچی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ یہی شہر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناتھا خان پل پر بار بار گڑھا پڑنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے اور لوگ گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہتے ہیں، لیکن اس مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا رہا۔

 

انہوں نے کراچی میں جاری تجاوزات کے خاتمے کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاوزات کے پیچھے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی سرپرستی شامل ہے، جس کے باعث یہ مافیا آزادانہ کام کر رہی ہے۔

 

امیر جماعت اسلامی کراچی نے اعلان کیا کہ وہ عید کے بعد کراچی میں مہنگائی کے خلاف ایک بڑے ملین مارچ کا انعقاد کریں گے، تاکہ عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی جا سکے۔

 

انہوں نے وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت میں شامل ہیں، انہیں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی آواز بنے گی اور اس شہر کے مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں تاکہ کراچی کے شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آ سکے۔

مظہر اللہ بشیر ملٹی میڈیا جرنلسٹ کی حیثیت میں پاکستان میٹرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مظہر اللہ بشیر

مظہر اللہ بشیر

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس