پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیق بُری فارم کی وجہ سے ہونے والی تنقید پر بیٹے کی حمایت میں ایک بار پھر سامنے آ گئے۔
اعظم صدیق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ائیر کے رکن اور کیپ ملنے کے بعد بابراعظم ڈراپ ہوئے، بابراعظم نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں پرفارم کر کے دوبارہ واپس آ جائے گا۔
اعظم صدیق نے لکھا سابق کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ وہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں، ایسا نہ ہوکہ کوئی پلٹ کر جواب دے تو برداشت نہ ہو، آپ ماضی ہیں، دوبارہ نہیں کھیلیں گے۔
اُن کا کہنا تھا لوگ کہتے ہیں کہ باپ زیادہ بولتا ہے، میں بابر کا پہلا اور آخری کوچ ہوں، میں بابراعظم کا ترجمان اور مینٹور ہوں، میں سب سے زیادہ خیرخواہ باپ ہوں۔
اعظم صدیق کا کہنا تھا جو چیخ و پکار کر رہے ہیں، ان کی اپنے دور میں کیا کارکردگی رہی ہے، پی سی بی کی ویب سائٹ ایک بار دیکھ لیا کریں، عقل مندوں کے لیے اشارہ کافی ہے۔
خیال رہے کہ بابراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بری فارم کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے کیرئیر میں مجموعی طور پر 128 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں ان کا سب سے زیادہ سکور 158 رنز ہیں۔
انھوں نے ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 6 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں جبکہ 59 ٹیسٹ میچوں میں 4 ہزار سے زائد رنز سکور کیے ہیں جس میں سب سے زیادہ سکور 196 رنز ہے۔