Follw Us on:

جنگ بندی کے مذاکرات کسی کام نہ آئے: یوکرین کے ایک اور علاقے پر روس کا قبضہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

روس کی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ اس کی افواج نے مشرقی یوکرین کے ایک اور گاؤں، اندریوکا پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ گاؤں کورخوف کے مغرب میں واقع ہے، جسے ماسکو نے رواں سال جنوری میں اپنے کنٹرول میں لیا تھا۔ یہ پیش رفت روس کی اس مسلسل فوجی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ ڈونیٹسک کے علاقے میں مغرب کی سمت پیش قدمی کر رہا ہے۔

یوکرین کی فوج نے تاحال اندریوکا کے سقوط کی تصدیق نہیں کی، تاہم اس کے جنرل اسٹاف نے ایک تازہ رپورٹ میں بتایا کہ ڈونیٹسک کے پوکروسک سیکٹر میں روسی افواج نے یوکرینی دفاع کو توڑنے کی 17 کوششیں کیں، جن میں اندریوکا بھی ان پانچ مقامات میں شامل تھا جہاں شدید لڑائی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، شام کے وقت وہاں مسلح تصادم جاری تھا اور علاقے پر مکمل کنٹرول کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے۔

یوکرین کے نجی فوجی بلاگ ڈیپ اسٹیٹ نے بھی اس حوالے سے غیر یقینی صورت حال کا ذکر کیا اور کہا کہ گاؤں پر کس کا مکمل کنٹرول ہے، اس بارے میں تصدیق ممکن نہیں۔

فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے ابتدائی ہفتوں میں کیف پر قبضہ کرنے میں ناکامی کے بعد، روسی فوج نے اپنی توجہ یوکرین کے مشرقی صنعتی علاقے ڈونباس پر مرکوز کر لی۔ اس علاقے میں ڈونیٹسک اور لوہانسک شامل ہیں، جن پر ماسکو بتدریج اپنا کنٹرول بڑھا رہا ہے۔

روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 2 فیصد علاقے پر قابض ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 2 فیصد علاقے پر قابض ہے اور پچھلے کئی مہینوں سے ڈونیٹسک کے مختلف علاقوں میں مغرب کی طرف آہستہ لیکن مسلسل پیش قدمی کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد گاؤں روس کے قبضے میں جا چکے ہیں۔

حالیہ لڑائیوں کا مرکز پوکروسک ہے، جو نہ صرف لاجسٹک حب ہے بلکہ یوکرین کی واحد کوئلہ پیدا کرنے والی کان کا بھی مرکز ہے جو سٹیل بنانے کے لیے کوکنگ کول فراہم کرتی ہے۔ جیسے جیسے روسی افواج پوکروسک کے قریب پہنچ رہی ہیں، وہاں کی کولری کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے۔

یوکرین کے فوجی حکام اور مبصرین کے مطابق، پوکروسک کے دفاع میں اب تک نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، اور حالیہ ہفتوں میں روس کی حملے کی شدت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ تاہم، میدان جنگ کی حقیقی صورتحال غیر یقینی ہے، اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ روس آئندہ دنوں میں دوبارہ حملے کی شدت بڑھا دے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس