April 19, 2025 10:38 pm

English / Urdu

Follw Us on:

پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحدی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ فورسز نے ناکام بنا دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
حملہ آوروں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور راکٹ لانچرز سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
حملہ آوروں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور راکٹ لانچرز سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں واقع لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ سیکورٹی فورسز نے بہادری سے ناکام بنا دیا۔

 

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی کے باعث دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے اور پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔

 

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں نے سحری کے وقت لکھانی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔

 

حملہ آوروں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور راکٹ لانچرز سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

 

تاہم، چیک پوسٹ پر تعینات جوان پہلے ہی الرٹ تھے، اور جدید تھرمل امیج کیمروں کے ذریعے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت پتا چلا لیا گیا۔

 

پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشین گنز اور مارٹر گنز سے بھرپور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور شدید جانی نقصان اٹھانے کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

 

اطلاعات کے مطابق، جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

 

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب چھ روز قبل بھی دہشت گردوں نے اسی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، لیکن سیکورٹی فورسز نے اس وقت بھی ان کے عزائم خاک میں ملا دیے تھے۔

 

پولیس کے مطابق پنجاب میں حالیہ برسوں میں خوارجی دہشت گردوں کے 19 سے زائد حملے ناکام بنائے جا چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف پوری طرح مستعد اور متحرک ہیں۔

 

دہشت گردوں کے خلاف اس کامیاب آپریشن کی قیادت ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان سید علی کی ہدایت پر کوئیک ریسپانس فورس (کیو آر ایف) کی اضافی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر سیکورٹی حصار مزید سخت کر دیا۔

 

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کی بہادری اور مستعدی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف ہر ممکن کارروائی جاری رکھیں گے اور دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 

یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فورسز دشمن کی ہر چال کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس