April 19, 2025 10:38 pm

English / Urdu

Follw Us on:

ملائیشیا، سنگاپور، امریکہ سمیت دیگر ملکوں سے 117 پاکستانی بے دخل

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
موریطانیہ سے 2 پاکستانیوں کو بھی ڈی پورٹ کر دیا گیا(تصویر، فائل)

امریکا، سنگاپور، ملائیشیا اور دیگر 14 ممالک سے 117 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا ہے۔

48 گھنٹوں کے دوران امریکا، سنگاپور، قطر، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے 117 پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے 54 پاکستانیوں کو مختلف وجوہات جیسے بلیک لسٹ، امیگریشن مسائل، منشیات، بھیک مانگنے، کفیل کے بغیر کام کرنے، پاسپورٹ گم ہونے، معاہدے کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات پر ڈی پورٹ کیا گیا۔

اسی طرح امریکا سے ایک پاکستانی کو ایمرجنسی دستاویزات پر واپس بھیجا گیا، بنگلہ دیش سے ایک، سنگاپور سے ایک، بحرین سے ویزا منسوخ کر کے ایک پاکستانی کو ملک بدر کیا گیا۔

تھائی لینڈ سے دو افراد کو ورک پرمٹ کے بغیر کام کرنے پر واپس بھیجا گیا، اور ملائیشیا سے تین پاکستانیوں کو امیگریشن نے ممنوعہ مسافر قرار دے کر ڈی پورٹ کیا۔

امارات میں جیل سے نکلنے، مفرور ہونے، چوری اور غیر قانونی داخلے سمیت مختلف الزامات پر 29 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جبکہ عراق سے ایک پاکستانی کو مفرور ہونے کی وجہ سے لاڑکانہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

عمان میں 4 افراد کو غیر قانونی کام کرنے پر واپس بھیجا گیا، قطر میں 6 افراد کو معاہدے کی خلاف ورزی اور تمباکو فروخت کرنے پر ملک بدر کیا گیا، اور مراکش میں 4 پاکستانیوں کو غیر قانونی قیام پر واپس بھیجا گیا۔

موریطانیہ سے انسانی اسمگلنگ کے لئے پہنچنے والے 2 پاکستانیوں کو بھی ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

مختلف ممالک سے ملک بدری کے ساتھ ہی پاکستانیوں کی بیرون ممالک کے لیے ویزا درخواستوں کو بھی مسترد کیا جا رہا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ستمبر 2023 سے جنوری 2025 تک ملک بدر کیے گئے پاکستانیوں کے اعداد و شمار سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گزشتہ 16 ماہ میں 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ستمبر 2023 سے جنوری 2025 تک 4 ہزار 740 سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا گیا، یہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ چکے ہیں۔

اس دورانیے میں 5 ہزار 800 دیگر پاکستانی شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا۔

ذرائع وزارت خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے سال 2024 میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کی ویزا درخواستیں مسترد کیں۔

 پاکستانی شہریوں کے خلاف دنیا بھر کے کئی ممالک میں کریک ڈاؤن جاری ہے تاہم متحدہ عرب امارات نے اس سلسلے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ملک بدر کیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس