فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر تعلیمی ویزے پر آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عمیر یوسف اور عثمان علی کے نام سے ہوئی ہے۔ عمیر یوسف نے جعلی میٹرک سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر اسٹڈی ویزا حاصل کیا، جب کہ اس کے تعلیمی اسناد پر لگی وزارت خارجہ کی مہریں بھی جعلی نکلیں۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عمیر یوسف نے چار لاکھ روپے میں ایجنٹ الطاف سے جعلی تعلیمی اسناد اور ویزا حاصل کیا تھا۔
دوسری جانب عثمان علی ایم بی بی ایس اسٹڈی ویزا پر آذربائیجان جا رہا تھا، جس کے قبضے سے جعلی میٹرک اور ایف ایس سی کی اسناد برآمد ہوئیں۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر میں یتیموں کا دن کیوں منایا جاتا ہے؟
حکام کے مطابق عثمان علی نے ایجنٹ احسن سے نو لاکھ روپے میں ویزا حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس میں سے چار لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔
ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ویزا اور دستاویزات پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔