April 19, 2025 10:38 pm

English / Urdu

Follw Us on:

‘جمعہ کو امریکی سفارت خانے کی جانب احتجاجی ریلی نکالیں گے’ حافظ نعیم الرحمٰن

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

جماعت اسلامی نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جمعہ کی نماز کے بعد بڑے شہروں میں امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی طرف پرامن مارچ کیا جائے گا۔ لاہور میں مسجد شہداء سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلیں اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں تاکہ حکومت اور اپوزیشن اسرائیل کے خلاف مؤثر موقف اختیار کرنے پر مجبور ہوں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل کی بمباری سے سیکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل نے پہلے غزہ کی ناکہ بندی کر کے خوراک اور ادویات کی ترسیل روکی، پھر بمباری کی جس سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور بہت سی لاشیں ملبے تلے دب گئیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اس حملے کی حمایت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھی اسرائیل کے ساتھ اس ظلم میں شریک ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک، خاص طور پر عرب ممالک کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے کیا اقدامات کرتا ہے۔

حافظ نعیم نے حکومت اور اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست دان صرف امریکا کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور فلسطینیوں کے حق میں مؤثر آواز بلند نہیں کر رہے۔ اگر پاکستان مضبوط موقف اپنائے تو عالمی برادری اس کی بات سننے پر مجبور ہو جائے گی، مگر ہمارے حکمرانوں نے ہمیں کمزور بنا دیا ہے۔

افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔ عالمی طاقتیں، خاص طور پر امریکا، چاہتی ہیں کہ پاکستان اور افغانستان آپس میں لڑیں تاکہ خطے میں بدامنی برقرار رہے۔ پاکستان کو مسائل بات چیت سے حل کرنے چاہئیں اور افغان حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان میں کچھ لوگ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، جو نہ صرف ملک کے مفادات کے خلاف ہے بلکہ قائداعظم کے نظریے کے بھی خلاف ہے۔ قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا تھا اور پاکستان نے ہمیشہ اسے تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں کم کرنی چاہئیں اور غیر ضروری ٹیکس ختم کرنے چاہئیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر ممکن آواز اٹھائے گی اور حکومت پر دباؤ ڈالے گی کہ وہ مہنگائی ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 اپریل کو ایک اہم اجلاس بلایا گیا ہے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور بلوچ رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا۔ اس اجلاس کا مقصد بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ان کے حقوق دیے جا سکیں اور ان کے مسائل کا منصفانہ حل نکالا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس