لاہور کے علاقے چونگ میں ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں درندہ صفت ملزمان نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چوتھے کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم وسیم اکرم نے اسے ساہیوال سے لاہور بلایا اور اپنے ایک قریبی رشتہ دار کے گھر لے گیا، جہاں پہلے سے اس کے تین ساتھی بھی پہنچ چکے تھے۔
ملزمان نے خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تاکہ وہ پولیس سے رجوع نہ کرے۔
خاتون کی شکایت پر لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری طور پر ایس پی صدر اور ایس ایچ او چونگ کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس کی تیز رفتار کارروائی کے نتیجے میں تین شخص، وسیم اکرم، شہزاد اور عدنان گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے چوتھے ساتھی ارشد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 375A (گینگ ریپ) کے تحت چونگ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر شہر میں خواتین کے تحفظ پر اہم سوالات اٹھاتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوتھے ملزم کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔