Follw Us on:

امریکی کمیشن نے انڈیا کو ‘علیحدگی پسند سکھوں’ کے قتل میں ملوث قرار دے دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کی حالیہ رپورٹ میں انڈین حکومت اور اس کی خفیہ ایجنسی “را” کو بیرون ملک سکھ علیحدگی پسندوں کے قتل میں براہ راست ملوث قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈین انٹیلی جنس نہ صرف دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہی ہے بلکہ بیرون ملک سرگرم علیحدگی پسندوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں بھی کر رہی ہے۔

کمیشن نے انڈین انٹیلی جنس ایجنسی را پر عالمی سطح پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی ہے، جس کی بنیادی وجہ اس کا سکھ علیحدگی پسندوں کے قتل کی سازشوں میں ملوث ہونا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ را کے سابق انٹیلی جنس افسر وکاش یادیو براہ راست ان حملوں میں شریک تھے اور انہیں متعدد کارروائیوں میں مرکزی کردار ادا کرتے دیکھا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں انڈیامیں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یو ایس سی آئی آر ایف نے امریکی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نہ صرف انڈین انٹیلی جنس ایجنسی بلکہ اس میں ملوث افراد، خصوصاً وکاش یادیو پر بھی خصوصی پابندیاں عائد کرے تاکہ انڈیاکو یہ پیغام دیا جا سکے کہ اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ انڈیا میں مذہبی اقلیتوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور یہ صورتحال 2024 میں مزید خراب ہو گئی۔ انتخابات کے دوران انڈین وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔

اس کے علاوہ، انڈیا میں بڑھتی ہوئی نفرت انگیز تقاریر، اقلیتوں کے خلاف بنائے جانے والے امتیازی قوانین، زبردستی مذہب کی تبدیلی کے خلاف سخت قوانین، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی، اور مسلمانوں کی املاک کی مسماری کو اقلیتوں کے حقوق پر کھلا حملہ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی ابتر صورتحال کے پیش نظر انڈیا کو خصوصی تشویش کے حامل ملک قرار دیا جائے۔ اس اقدام سے انڈیا پر عالمی دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے تاکہ وہ اقلیتوں کے ساتھ بہتر سلوک کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

یو ایس سی آئی آر ایف کی رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر انڈیا کی خفیہ کارروائیوں اور دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انڈیا نہ صرف اپنے ملک میں اقلیتوں پر ظلم ڈھا رہا ہے بلکہ بیرون ملک بھی سیاسی مخالفین اور علیحدگی پسندوں کے خلاف خفیہ آپریشن کر رہا ہے، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

امریکا سمیت مختلف ممالک انڈیا کی ان سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور مستقبل میں اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔ یو ایس سی آئی آر ایف کی سفارشات پر عمل درآمد کی صورت میں انڈیا کو سفارتی اور اقتصادی پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس