پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک اہم موڑ آرہا ہے کیونکہ 17 اپریل کو ڈھاکہ میں ایک سیاسی مشاورتی اجلاس ہونے جا رہا ہے، جو گزشتہ 13 برسوں میں اس نوعیت کا پہلا اجلاس ہو گا۔ آخری بار یہ ملاقات 2012 میں ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کریں گی۔
اس اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی سطح پر تجاویز زیر غور آئیں گی، جبکہ مشترکہ وزارتی کمیشن کی بحالی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ اقتصادی روابط کو بھی فروغ دینے کے لیے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 22 سے 24 اپریل تک بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔
ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیاسی تعاون کو نئی سمت دینے کی کوشش کا حصہ ہے۔
یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب جنوبی ایشیا کے اندرونی تعلقات میں توازن اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا رہی ہیں۔
ان اقدامات سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مستقبل میں بہتر اور پائیدار تعلقات کی امید کی جا رہی ہے۔