Follw Us on:

سندھ میں غیر قانونی افغان تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں، 307 افراد کو ملک بدر کر دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Afghani issue
سندھ میں غیر قانونی افغان تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں، 307 افراد کو ملک بدر کر دیا( فائل فوٹو)

سندھ حکومت نے غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم افغان تارکین وطن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 307 افراد کو امین ہاؤس ٹرانزٹ کیمپ سے ملک بدر کر دیا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس کارروائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر 313 افراد کی فہرست مرتب کی گئی تھی، تاہم جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد 307 افراد کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔

وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ ملک بدر کیے جانے والوں میں 79 بچے، 37 خواتین اور 191 مرد شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے، جس کی وجہ سے انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کی مہم جاری رہے گی اور اس عمل میں عالمی قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے جو قوانین موجود ہیں، پاکستان بھی اسی اصول کے تحت ان افراد کو ان کے وطن واپس بھیج رہا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ انسانی ہمدردی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ کی یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کی مہم کے ذریعے سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس