بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) نے مستونگ کے علاقے لکپاس پر گزشتہ 20 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے دھرنا ختم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتجاج کا دائرہ لکپاس تک محدود رکھنے کے بجائے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ریلیوں کی صورت میں بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اب اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی تاکہ عوامی مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اختر مینگل کے مطابق 18 اپریل کو کوئٹہ میں بی این پی کی مرکزی کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔
بی این پی کے سربراہ نے اضلاع میں احتجاجی ریلیوں کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان حکومت نے لکپاس پر جاری دھرنے کے خاتمے کے لیے متعدد بار مذاکرات کی کوشش کی تھی، تاہم پارٹی نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر احتجاج جاری رکھا۔
اب دھرنے کے بجائے احتجاجی تحریک کو مختلف علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے، جس سے بلوچستان میں سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہونے کا امکان ہے۔