Follw Us on:

کپاس کی درآمدات میں اضافہ، انڈیا امریکی کپاس کا بڑا خریدار بن گیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
کپاس کی درآمدات میں اضافہ

انڈیا میں امریکی کپاس کی مانگ اچانک کیوں آسمان چھو رہی ہے؟ کیا یہ صرف قیمتوں کا کھیل ہے یا اس کے پیچھے چین اور امریکا کی تجارتی جنگ کا ہاتھ ہے؟

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔ چین نے امریکی کپاس پر ٹیرف 84 فیصد سے بڑھا کر 125 فیصد کر دیا ہے جس کے بعد امریکی کسانوں کو اپنی فصل بیچنے کے لیے نئے بازار تلاش کرنے پڑ رہے ہیں۔ اور اس بار انڈیا ان کا ہدف بن چکا ہے۔ 

حیرت کن طور پر، فروری سے اپریل تک انڈیا کو امریکی کپاس کی برآمدات 155,260 گانٹھوں تک پہنچ چکی ہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ ہے، یہ اعداد و شمار امریکی محکمہ زراعت (USDA) نے جاری کیے ہیں۔   

انڈیا خود دنیا کا دوسرا سب سے بڑا کپاس پیدا کرنے والا ملک ہے لیکن اس سال پیداوار میں 7.84 فیصد کی کمی آئی ہے۔

کپاس ایسوسی ایشن آف انڈیا (CAI) کے مطابق، ملک میں 25 لاکھ گانٹھوں کی کمی کا سامنا ہے جو صرف درآمدات سے پوری ہو سکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: صدارتی آرڈیننس: حکومت لیوی کی نئی شرح کسی حد کے بغیر مقرر کر سکے گی

انڈیا میں امریکی “ایکسٹرا لانگ سٹیپل” (ELS) کپاس پر صرف 10 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد ہے جبکہ شارٹ سٹیپل کپاس پر یہ ڈیوٹی 11 فیصد ہے جو کہ امریکی ELS کپاس کو نسبتاً زیادہ اقتصادی اور پرکشش بناتی ہے۔

اس کے علاوہ امریکی کپاس کا معیار اور کارکردگی بھی انڈین تاجروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے کیونکہ اس میں جننگ کی زیادہ صلاحیت، فائبر کوالٹی میں بہتری اور لنٹ ییلڈ کی بلند سطح شامل ہے۔

مزید برآں بین الاقوامی سطح پر آئی سی ای کاٹن فیوچرز کی قیمتیں اس سال 5 فیصد تک کم ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں امریکی کپاس انڈین منڈی میں مزید سستی اور مسابقتی بن چکی ہے۔ ان تمام عوامل نے ہندوستان میں امریکی کپاس کی مانگ میں اضافہ کر دیا ہے۔

لازمی پڑھیں: سونا عوام کی پہنچ سے دور، 8600 روپے مزید مہنگا ہو گیا

سینٹرل انسٹی ٹیوٹ فار کاٹن ریسرچ کے ڈائریکٹر وائی جی پرساد کا کہنا ہے کہ “انڈیا میں کپاس کی پیداوار مسلسل کم ہو رہی ہے اور اگلے چند سالوں میں درآمدات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔”

انڈیا صرف امریکا سے ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا، برازیل اور مصر سے بھی کپاس درآمد کر رہا ہے۔ لیکن امریکی کپاس کی بڑھتی ہوئی مانگ بتا رہی ہے کہ یہ مقابلہ جیتنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب اگر چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ جاری رہی، تو انڈیا کو مزید سستے ریٹ پر کپاس مل سکتی ہے۔ 

انڈین کپاس کاشتکاروں کے لیے یہ ایک خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ درآمدات بڑھنے سے مقامی قیمتیں مزید گر سکتی ہیں۔ 

امریکا کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے جبکہ ہندوستان کے کسانوں کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ کیا انڈیا کپاس کے بحران پر قابو پا سکے گا؟ یا درآمدات کا سلسلہ بڑھتا ہی چلا جائے گا؟

مزید پڑھیں: کیا رواں سال معیشت اور دنیا تباہ ہوجائے گی؟

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس