میرپور خاص میں پولیس لائنز کے اندر واقع اسلحہ و گولہ بارود کے ذخیرے میں زور دار دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی۔
چند ہی لمحوں میں آنسو گیس کے گولے پھٹنے لگے اور سارا علاقہ زہریلے دھوئیں اور گیس سے بھر گیا، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
رہائشی کمپلیکس میں مقیم شہری سانس لینے میں دشواری محسوس کرنے لگے اور متعدد افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
آنکھوں میں جلن، کھانسی اور گھبراہٹ نے علاقے کو میدانِ جنگ کا منظر دے دیا۔ پولیس، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق آگ سے آنسو گیس کے گولوں، پروپیلر بندوقوں اور دیگر حساس ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ تباہ ہوچکا ہے۔
ایس ایس پی میرپورخاص، ڈاکٹر سمیر نور چنا نے نہ صرف امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی بلکہ علاقے کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بی ڈی ایس نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس ہولناک واقعے نے سیکیورٹی اور ذخیرہ اندوزی کے طریقہ کار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔