خلیج کی گرم فضاؤں میں جب انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا خصوصی طیارہ سعودی عرب کی حدود میں داخل ہوا تو شاہی فضائیہ کے F15 لڑاکا طیاروں نے انہیں شان سے خوش آمدید کہا۔
یہ دورہ صرف رسمی نہیں، بلکہ انڈیا اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک نیا باب ہے۔
وزیراعظم مودی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آج جدہ پہنچے، جہاں چھ اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط ہونے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیر کی شب تک مزید معاہدوں پر بات چیت جاری تھی جو اس دورے کو پہلے سے کہیں زیادہ بامعنی بنا سکتی ہے۔
وزیراعظم مودی نے روانگی سے قبل ایک اہم بیان میں کہا کہ “سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تعلقات اب محض سفارتی نہیں، بلکہ عوامی، تجارتی، دفاعی اور توانائی جیسے اہم شعبوں میں گہرے اور بااعتماد شراکت دار بن چکے ہیں۔ ہم دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، مزید 29 معصوم فلسطینی شہید
یہ دورہ نہ صرف مودی کی تیسری سعودی آمد ہے بلکہ پہلی بار وہ تاریخی شہر جدہ کے مہمان بنے ہیں۔
مودی سعودی عرب میں سٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کے دوسرے اجلاس میں شرکت کریں گے جو 2023 میں محمد بن سلمان کے کامیاب دورہ انڈیا کے بعد ایک اور سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب جدہ کے ایک ہوٹل میں انڈین کمیونٹی نے جس انداز میں اپنے قائد کا استقبال کیا وہ دل کو چھو لینے والا منظر تھا۔
ایک مقامی انڈین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “ہم بے حد خوش ہیں، فخر محسوس کر رہے ہیں کہ ہمیں اپنے وزیراعظم کا خیرمقدم کرنے کا موقع ملا۔ یہ لمحہ ہماری زندگیوں کا اہم ترین لمحہ ہے۔”
یہ دورہ صرف دو دن کا نہیں بلکہ دو قوموں کے درمیان اعتماد، احترام اور شراکت داری کا نیا سورج طلوع ہونے کی علامت ہے۔