پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں آج M2P کنسلٹنگ کے مقامی و غیر ملکی ماہرین نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر ای-گیٹس کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تنصیب کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا۔
معاہدے پر دستخط سے قبل منصوبے کی تکنیکی و عملی تفصیلات پر بات چیت ہوئی، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمٰن اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ سمعیر سعید نے کی۔

اس کے بعد معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاہدے پر کرسٹوف موسٹرٹ، منیجنگ پارٹنر M2P کنسلٹنگ اور کاشف شاہ جیلانی اور ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز نے دستخط کیے۔
مزید پڑھیں: کراچی کے دکاندار کا اسرائیل کے خلاف خاموش احتجاج
پلاننگ، ڈیزائن، تنصیب اور عملدرآمد سمیت پورا منصوبہ 24 ماہ میں مکمل ہوگا۔ M2P کنسلٹنٹس عملدرآمد کے دوران تکنیکی رہنمائی اور ٹینڈرنگ مرحلہ کے بعد منتخب کمپنی کی نگرانی کریں گے۔

تقریب میں ای-گیٹس کو ICAO اور مقامی ایجنسیوں کے نظاموں سے جوڑنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یہ نظام سیکیورٹی، خودکار چیکنگ اور عملے پر انحصار میں کمی لا کر مسافروں کے لیے سفر کو سہل اور مؤثر بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: روایتی سستی یا مجرمانہ غفلت: کیا 67 ہزار پاکستانی عازمین حج نہیں کرسکیں گے؟
لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر سروے مکمل ہو چکے ہیں، جب کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سروے کل سے شروع ہوگا۔ اس موقع پر (پی اے اے) کے سینئر افسران، بشمول پلاننگ، ڈیولپمنٹ اور انجینئرنگ سروسز کے ڈائریکٹرز موجود تھے۔