Follw Us on:

حکومت ہو یا اپوزیشن سب لائن لگائے کھڑے ہیں کہ ٹرمپ ہاتھ پھیرے اور ان کے دن بدل جائیں، حافظ نعیم الرحمان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فلسطینی جب خیموں میں پناہ لیتے ہیں تو ان کے خیمے بھی جلا دیے جاتے ہیں۔ (فوٹو: جماعتِ اسلامی پاکستان)

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ہو یا اپوزیشن سب لائن لگائے کھڑے ہیں کہ ٹرمپ کس پر ہاتھ پھیرے گا اور ان کے دن بدل جائیں گے اور اقتدار انہیں نصیب ہوجائے گا۔

مینارِ پاکستان لاہور پر منعقدہ دینی رہنماؤں کی اہم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ فلسطینی اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، معصوم بچوں کے جسم فضاؤں میں بکھر رہے ہیں، ان پر سفید فاسفورس بم برسائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی جب خیموں میں پناہ لیتے ہیں تو ان کے خیمے بھی جلا دیے جاتے ہیں۔ اب تک 60 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن کی شناخت ہو چکی ہے، جب کہ ہزاروں اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور کوئی ان کی مدد کے لیے تیار نہیں۔

افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے 56 سے زائد ممالک ہیں، جن کی ریگولر آرمی کی تعداد 78 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ہمارے پاس ٹینک، توپیں، بم، میزائل اور ایئر فورس موجود ہیں۔ ہمارے پاس جہاد کا تصور بھی موجود ہے، مگر بدقسمتی سے ہماری فوجی اور سیاسی قوتیں امریکا سے خوف کھاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کے سیاسی رہنما سمجھتے ہیں کہ اقتدار کا راستہ امریکا کے پاس ہے، اسی لیے سب کی نظریں امریکا پر لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدادادِ پاکستان بھی ایک نظریاتی ریاست ہے، جو کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی، لیکن یہاں حکومت ہو یا اپوزیشن سب لائن لگائے کھڑے ہیں کہ ٹرمپ کس پر ہاتھ پھیرے گا اور ان کے دن بدل جائیں گے اور اقتدار انہیں نصیب ہوجائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان میں اقتدار کی میوزیکل چیئر امریکا کی مرہون منت ہے۔ اسی لیے یہاں کی سیاسی قیادت امریکا سے خوف کھاتی ہے اورنعوذباللہ اسے خدا کا درجہ دے بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی ذہنیت ہے جو پاکستان کو حقیقی آزادی اور خودمختاری سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ “یہی لوگ ہماری افواج اور عوام کو جہاد کے لیے تیار ہونے سے روکتے ہیں اور ہماری قومی طاقت کو مفلوج کر دیتے ہیں۔”

حافظ نعیم نے زور دے کر کہا کہ “ہماری افواج ہماری شان اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔ مگر یہ قوت اللہ کی راہ میں لڑنے کے لیے ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری آرمی فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لیے کھڑی ہو، انڈین جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔”

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ کردار ادا نہ کیا گیا تو عوام میں مایوسی، قوم پرستی اور فرقہ واریت جنم لیتی ہے، جس سے معاشرتی تفریق بڑھتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کے دو بڑے مسائل نمایاں ہیں، پہلا مسئلہ غزہ کا اور دوسرا کشمیر کا۔ غزہ نے دنیا کے باضمیر انسانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

7 اکتوبر سے پہلے ہی 6 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید تھے، ہر سمت سے غزہ کا محاصرہ تھا، ماؤں بہنوں کی تذلیل روز کا معمول تھا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حماس کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا۔ ہر سمت سے غزہ کا محاصرہ تھا، ماؤں بہنوں کی تذلیل روز کا معمول تھا۔”

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول بار بار صیہونی جارحیت کا نشانہ بنتا ہے اور ہر سال سینکڑوں، ہزاروں فلسطینی شہید کر دیے جاتے ہیں، مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

خطاب کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمان نے مسلم دنیا کی قیادتوں کو بیداری اور عمل کی دعوت دی اور کہا کہ جب تک مسلمانوں کے حکمران اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے، مظلوموں کا خون بہتا رہے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس