وفاقی حکومت نے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے یکم مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات یکم مئی کو تمام سرکاری و نجی ادارے، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اعلان کیا ہے کہ بدھ کے روز تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔
یومِ مزدور ہر سال دنیا بھر میں یکم مئی کو منایا جاتا ہے تاکہ محنت کش طبقے کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور ان کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا محنت کشوں کے لیے ای-مزدور کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ
پاکستان میں بھی یہ دن قومی سطح پر سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں ریلیوں، سیمینارز، اور مزدور تنظیموں کے اجتماعات کا انعقاد ہوتا ہے۔

یومِ مزدور کی تاریخی حیثیت 1886ء کے شکاگو کے واقعے سے جڑی ہے، جب مزدوروں نے 8 گھنٹے کے کام کے اوقات کے لیے احتجاج کیا اور کئی افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔
اس قربانی کو یاد رکھنے کے لیے دنیا بھر میں یہ دن منایا جاتا ہے، اور پاکستان بھی اس جدوجہد کا ایک سرگرم حصہ ہے۔
یومِ مزدور ایک موقع ہے کہ ہم نہ صرف ان لوگوں کو یاد کریں جو مسلسل مشقت کے ذریعے معیشت کی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہیں، بلکہ اس دن کو ایک عملی پیغام کے طور پر استعمال کریں کہ محنت کشوں کے حقوق کی فراہمی اور ان کی زندگیوں میں بہتری ہر ریاست اور معاشرے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔