الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور میں اسٹریٹ چلڈرن کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور میں موجود 7 الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کے سٹریٹ چلڈرن کو اسکول بیگ، اسٹیشنری، یونیفارم اور اسکول شوز سمیت تحائف فراہم کیے گئے تاکہ وہ سکولوں میں باقاعدہ حصول تعلیم کا آغاز کر سکیں۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران سمیت دیگر ذمہ داران ،ماہرین تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ اِس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ اسٹریٹ چلڈرن ہیں، جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے سٹرکوں پروقت گزارنے پر مجبور ہیں۔
الخدمت فاونڈیشن قوم کے اس سرمایے کو محفوظ بنانے اور ان بچوں کواُن کا بچپن لوٹانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن سینٹر الخدمت فاونڈیشن کے شعبہ تعلیم کا حصہ ہے، جس کے تحت کوڑا چننے والے، ورکشاپوں پر کام کرنے والے، گھروں میں کام کرنے والی بچیوں اور سڑکوں پر آوارہ گھومنے والے بچوں کو روزانہ 2 گھنٹے کےلیے جمع کرتا ہے۔
اِن چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز میں بچوں کو رسمی و غیر رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو صفائی ستھرائی، کھانے پینے، ملنے جلنے، اٹھنے بیٹھنے کے آداب اور کھیل کود سمیت ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران نے اس موقع پر بتایا کہ اس وقت الخدمت کے تحت چاروں صوبوں میں 86چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کام کر رہے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 3633 نادار اور بے سہارا سٹریٹ چلڈرن تعلیم حاصل کر ہے ہیں۔
اِن بچوں کو نا صرف تعلیمی ماحول مہیا کیا جاتا ہے بلکہ بچوں کی شخصیت سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
تقریب کے آخر میں بچوں نے ملی نغمے اور مختلف تعلیمی خاکے پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ شرکاء نے الخدمت کی اس کاوش کو ایک احسن قدم قرار دیتے ہوئے اس مشن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔