Follw Us on:

حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس: ’امن کی بات کیجیے مگر جھکنا نہیں چاہیے‘

عاصم ارشاد
عاصم ارشاد

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ غزہ میں آج بھی بدترین صورتحال ہے، فلسطین میں انسانیت سسک رہی ہے، امن کی بات کیجیے مگر جھکنا نہیں چاہیے، ہمارا کیس مضبوط ہے، ہمیں اپنی قوم اور فوج پر اعتماد ہے۔ 

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب امریکا سے امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں، حکومت ہویا اپوزیشن کوئی بھی امریکا کی مذمت نہیں کرتا۔ ن لیگ کے سربراہ نوازشریف نے انڈیا کے خلاف بیان تک جاری نہیں کیا۔

60 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، مگر کسی جماعت نے امریکہ کے خلاف واضح مؤقف نہیں اپنایا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو مجاہد بننا چاہیے، ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں دوبارہ این سی سی کی تربیت شروع کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس: انڈیا مخالف متفقہ قرارداد منظور، پہلگام واقعے پر الزامات مسترد

ہیلتھ ورکز کے حوالے سے سوال پران کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کے مطالبات جائز ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، احتجاج کا ساتھ دیں گے، حکومت مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کرے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کو معذرت خواہ رویہ ترک کر کے پوری جرات اوراعتماد کے ساتھ مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ امریکہ سے بار بار التجائیں کرنا پاکستان کے وقار کے خلاف ہے، ہمارا کیس مضبوط اور مؤثر ہے۔

پاکستان کی جیو اسٹریٹیجک پوزیشن ایسی ہے کہ ہم دنیا سے برابری کی سطح پر بات کر سکتے ہیں۔ ہمیں اپنی مسلح افواج، ٹیکنالوجی اور پوری قوم پر مکمل اعتماد ہے، دشمن کو ہر سطح پر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 حکمران طبقہ اگر امریکا کو نجات دہندہ سمجھے گا تو اسے نہ عزت ملے گی اور نہ پائیدار اقتدار۔

 امریکا پاکستان کا، مسلمانوں کا اور انسانیت کا دشمن ہے، اس خوش فہمی سے نکلنا ہوگا کہ وہ ہمارا خیرخواہ ہے۔ امریکا قوموں کو نہیں، صرف افراد کو وقتی فائدے دے کر استعمال کرتا ہے، یہ بات حکمرانوں کو سمجھنی چاہیے۔

 حکومت ہو یا اپوزیشن، کسی نے بھی اسرائیلی جارحیت پر امریکہ کی کھل کر مذمت نہیں کی، یہ مجرمانہ خاموشی ہے۔  بھارت کی ریاستی دہشت گردی، مسلمانوں، سکھوں، مسیحیوں کے خلاف مظالم پر پاکستانی قیادت کیوں خاموش ہے؟

 فلسطین کے مسئلے پر پوری قوم کو ایک پیج پر آ کر کردار ادا کرنا ہوگا، یہ صرف سیاست نہیں، انسانیت کا معاملہ ہے۔ اسرائیل کی دہشت گردی تمام حدیں پار کر چکی ہے، خوراک لے جانے والے قافلے پر حملہ بھی کر دیا گیا۔

 بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور معصوم بچوں کی شہادت پر خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستان کو اسرائیل اور امریکہ کے خلاف مؤثر، واضح اور منظم مؤقف اپنانا چاہیے۔ مسلم دنیا کو بائیکاٹ مہم میں عملی اقدامات کرنے ہوں گے، صرف بیانات کافی نہیں۔

 اگر ہم جھک کر بات کریں گے تو دنیا ہمیں غلام سمجھے گی، عزت کے ساتھ بات کرنا ہوگی۔ دنیا طاقت کو مانتی ہے، مؤثر سفارت کاری کے لیے جرات مند مؤقف ضروری ہے۔ چین پاکستان کا سچا اور بااعتماد دوست ہے، خطے میں توازن کے لیے تعلقات مزید مضبوط کرنے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو باہمی تعلقات اور دفاعی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

عاصم ارشاد

عاصم ارشاد

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس