Follw Us on:

امریکا پاکستان اور انڈیا کے درمیان مداخلت نہیں کرے گا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن، پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتِ حال میں براہِ راست مداخلت سے گریز کرنے کی پالیسی اپنائے گا، لیکن سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔

فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں وینس نے صاف الفاظ میں کہا کہ اس جنگ میں امریکا کا کوئی کام نہیں اور وہ ان ممالک کو کنٹرول نہیں کر سکتا۔ تاہم، امریکا دونوں فریقین کو تحمل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل حوصلہ افزائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی موجودہ ترجیح دنیا بھر میں اپنے دیگر سفارتی محاذوں جیسے یوکرین اور غزہ پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں براہِ راست دباؤ کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے منتخب ہونے والے پوپ رابرٹ پریوسٹ کون ہیں؟

اس پس منظر میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا پاکستان اور انڈیا کے رہنماؤں سے رابطہ اور دونوں کو براہ راست بات چیت کی تلقین، اس بات کا اشارہ ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ یہ تنازع سفارتی سطح پر ہی حل ہو۔ خود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ “ٹٹ فار ٹیٹ” کا سلسلہ رک جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اس وقت انڈیا کو چین کے خلاف ایک اتحادی کے طور پر دیکھ رہا ہے، جب کہ پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات افغان جنگ کے بعد محدود ہو چکے ہیں۔ اس لیے واشنگٹن کے بیانات میں انڈیا کے حوالے سے ایک خاص نرمی اور پاکستان کے لیے سفارتی دلاسہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

مجموعی طور پر، امریکا کی پوزیشن یہ ہے کہ وہ جنگی مداخلت سے دور رہے گا لیکن سفارتی کوششوں سے خطے میں امن قائم کرنے کی کوشش کرے گا، خاص طور پر اس خدشے کے پیشِ نظر کہ یہ تنازع کسی بھی لمحے ایک بڑے، حتیٰ کہ ایٹمی تصادم میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس