پاکستان کی جانب سے “آپریشن بنیان مرصوص” کے آغاز کے بعد انڈیا میں ہنگامی اقدامات کا سلسلہ تیز ہوگیا، انڈین وزارت شہری ہوا بازی نے شمالی اور مغربی انڈیا کے 32 ہوائی اڈے 14 مئی تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا (AAI) اور متعلقہ ایوی ایشن حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مذکورہ ہوائی اڈوں پر تمام سول پروازوں کی آمد و رفت فی الفور معطل کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فضائی تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے قبل از وقت نمٹنا ہے۔
بند کیے گئے ہوائی اڈوں میں ادھم پور، انبالہ، امرتسر، اونتی پور، بھٹنڈا، بھوج، بیکانیر، چندی گڑھ، ہلوارا، ہندن، جیسلمیر، جموں، جام نگر، جودھ پور، کنڈلا، کانگڑا، کیشود، کشن گڑھ، کلو منالی، لیہہ، لدھیانہ، موندرا، نلیا، پٹھان کوٹ، پٹیالہ، پوربندر، راجکوٹ، سرساوا، شملہ، سری نگر، تھوئس اور اترلائی شامل ہیں۔
ایوی ایشن حکام نے تمام ایئرلائنز اور فلائٹ آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متبادل پروازوں کی منصوبہ بندی موجودہ ایئر ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق کریں۔
ہوائی اڈوں کی عارضی بندش کا بندوبست مقامی ایئر ٹریفک کنٹرول یونٹس کے تعاون سے کیا جا رہا ہے تاکہ پروازوں کی بحالی کے دوران ممکنہ خلل کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر مطلع کیا جائے گا۔