پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
بھارت کے خلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگ کی بڑی تعداد پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئی، جس میں پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
دشمن کو تاریخی شکست دینے پر پوری قوم کا جذبہ دیدنی ہے، کراچی سے کشمیر تک پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر پاک افواج اور قوم کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے،پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے علاوہ کندھ کوٹ، کشمور، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، رینالہ خور، چنیوٹ، وہاڑی اور قصور میں ریلیاں نکالی گئی، سوات، مہمند، نوشہرہ اور قلعہ بالاحصار میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
مظفر آباد میں بھی جماعت اسلامی کے زیراہتمام مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کیلئے منایا جا رہا ہے