وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم کے اصل ہیرو ہمارے شہداء ہیں، جن کی قربانیوں سے ہمیں انڈیا کے خلاف کامیابی نصیب ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چونگی امر سدھو میں ڈرون حملے میں شہید ہونے والے علی حیدر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دشمن کو ہماری افواج نے وہ سبق سکھایا ہے کہ اب وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
انڈیا کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہ سب ہمارے شہداء کے لہو کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت ان کے خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔
قبل ازیں وزیر داخلہ نے شہید علی حیدر کے والد محمد اسلم اور والدہ شمیم بی بی سے ملاقات کی، تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ محسن نقوی نے شہید کے والدین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ “آپ کا اکلوتا بیٹا چلا گیا لیکن ریاست آپ کے خاندان کا سہارا بنے گی”۔
واضح رہے کہ شہید علی حیدر آٹھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر برگر کا چھوٹا سا کاروبار کرتا تھا۔
گزشتہ دنوں انڈین ڈرون حملے میں وہ اسٹیڈیم کے قریب شہید ہو گیا تھا جس پر پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم نے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو دندان شکن جواب دیا ہے، انڈیا اب کسی بھی ‘ایڈونچر’ سے پہلے سو بار سوچے گا۔