پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے بقیہ میچز کا 17 مئی سے دوبارہ آغاز ہوگا۔
محسن نقوی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’ایچ بی ایل پی ایس ایل وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا، جہاں سے اسے روکا گیا تھا۔‘‘
انہوں نے تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے شائقین کرکٹ کو 17 مئی سے 25 مئی تک جاری رہنے والے آٹھ میچوں کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا۔
ان میچز کا اختتام 25 مئی کو ہونے والے گرینڈ فائنل کے ساتھ ہوگا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز نو مئی کو ملک میں کشیدہ صورت حال کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔ اس سے قبل آٹھ مئی کی شب پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 27 واں میچ شیڈول تھا، جو اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب اسٹیڈیم کے قریب ایک بھارتی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی۔
اسی طرح نو مئی کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی، جبکہ 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلے جانے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پاکستانی کھلاڑی محمد وسیم نے انٹرنیشنل باکسنگ ٹائٹل اپنے نام کر لیا
تاہم انڈین حملوں کے باعث پی سی بی نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے باقی تمام میچز معطل کر دیے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے اس موقع پر ملک کی خودمختاری کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
پی سی بی نے کہا کہ ’’جب ملک کو سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہو تو کھیل کو ایک ذمہ دارانہ وقفہ دینا لازم ہو جاتا ہے۔‘‘
اگرچہ چیئرمین پی سی بی نے اپنے حالیہ بیان میں مقام کا ذکر نہیں کیا، تاہم آٹھ مئی کو پی سی بی پہلے ہی اعلان کر چکا تھا کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروائے جائیں گے۔
اب تک پی ایس ایل میں 26 میچز مکمل ہو چکے ہیں اور بقیہ آٹھ میچز کا شیڈول جلد متوقع ہے۔
پی سی بی نے فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور دیگر شراکت داروں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ کرکٹ کے ذریعے خوشی اور اتحاد کا پیغام دینے کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں: ’14 سال وائٹ جرسی پہننا اعزاز کی بات رہی‘، وراٹ کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان