Follw Us on:

ماؤنٹ ایوریسٹ پر دو کوہ پیما ہلاک، تعلق کن ممالک سے تھا؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Averist
ایورسٹ پر انڈیا اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے دو کوہ پیما ہلاک ہو گئے۔( فائل فوٹو: رائٹرز)

ماؤنٹ ایورسٹ پر انڈیا اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے دو کوہ پیما ہلاک  ہو گئے۔ نیپالی حکام کے مطابق، یہ دونوں اموات ایورسٹ کے مارچ تا مئی 2025ء کے کوہ پیمائی سیزن کی پہلی ہلاکتیں ہیں۔

45 سالہ سبرتا گھوش، جو بھارت سے تعلق رکھتے تھے، جمعرات کے روز 8,849 میٹر بلند چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران ہلیری سٹیپ کے قریب نیچے گرنے کے بعد ہلاک ہو گے۔ نیپال کی کوہ پیمائی کمپنی ‘اسنووی ہورائزن ٹریکس اینڈ ایکسپیڈیشن’ کے نمائندے بودھراج بھنڈاری نے بتایا کہ سبرتا گھوش نے ہلیری سٹیپ سے نیچے اترنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد وہ وہیں دم توڑ گئے۔

ہلیری سٹیپ ایک خطرناک مقام ہے جو “ڈیتھ زون” میں واقع ہے  وہ علاقہ جہاں آکسیجن کی سطح اتنی کم ہوتی ہے کہ انسانی جسم زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتا۔ حکام کے مطابق، سبرتا کی لاش کو بیس کیمپ تک لانے کی کوششیں جاری ہیں اور حتمی وجہ موت پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: والد کی میراث کے امین ساجد علی سدپارہ نے دنیا کی ساتویں بلند ترین چوٹی سر کر لی

محکمہ سیاحت کے اہلکار ہمل گوتم نے بتایا کہ فلپائن سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ فلپ سینٹیاگو بدھ کی رات ساؤتھ کول میں ہلاک ہوئے۔ وہ چوٹی کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن چوتھے کیمپ پر پہنچنے کے بعد شدید تھکاوٹ کا شکار ہو گئے۔ اپنے خیمے میں آرام کرتے ہوئے ان کا انتقال ہو گیا۔

سینٹیاگو اور گھوش، دونوں ایک ہی بین الاقوامی مہم کا حصہ تھے جس کا انتظام بھنڈاری کی کمپنی کے تحت کیا گیا تھا۔

نیپال نے موجودہ سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے لیے 459 افراد کو اجازت نامے جاری کیے ہیں، اور اب تک تقریباً 100 کوہ پیما اور ان کے رہنما کامیابی سے چوٹی پر پہنچ چکے ہیں۔

ہمالیہ کی پہاڑی سلسلے میں کوہ پیمائی، ٹریکنگ اور سیاحت نیپال کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ اگرچہ ان سرگرمیوں سے ملک کو مالی فائدہ ہوتا ہے، لیکن ایورسٹ سر کرنے کی یہ کوششیں اکثر انسانی جانوں کی قیمت پر مکمل ہوتی ہیں۔
ہمالیائی ڈیٹا بیس اور ہائیکنگ حکام کے مطابق، اب تک ایورسٹ پر چڑھائی کے 100 سالہ دور میں کم از کم 345 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس