حکومت پاکستان کی جانب سے یوم تشکر کے اعلان پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان بھی لائن آف کنٹرول پر پہنچ گئے، حافظ نعیم الرحمان آزاد کشمیر میں شہداء کے ورثا سے ملے، زخمیوں کی عیادت کی اور پاک فوج کے جوانوں سے اگلے مورچوں پر ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔
کنٹرول لائن کے دورہ کے دوران اجتماعات سے خطاب بھی کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیں گے، حکومت آزاد کشمیر ’سیز فائر لائن‘ کے ملحقہ علاقوں میں ہر مرد و زن کو عسکری تربیت دے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نظریے کا نام ہے، پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے بڑھے، ڈونلڈ ٹرمپ اگر ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کرے گا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے،مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ثالثی کا کہا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ موجود ہے۔
مزید پڑھیں: شہبازشریف کا سی ایم ایچ کا دورہ: ‘عوام، افواج پاکستان جیسی ثابت قدمی کی مثال کہیں نہیں ملتی’
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ جہانگیر خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل احمد راٹھور، نائب امیر جماعت سردار زاہد رفیق، تحریک کشمیر کے برطانیہ کے صدر فہیم کیانی، الطاف بھٹ، سردار حبیب خان، مختار علی خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان کا کہنا تھا کہ امیر حافظ نعیم الرحمان نے سیز فائر لائن کا دورہ کر کے کشمیری قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں، جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے اور صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے خون کے نذرانے پیش کر کے تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق، راجہ جہانگیر خان، فہیم کیانی و دیگر رہنماؤں نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔