Follw Us on:

پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنا، کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے لیے نہیں، حافظ نعیم الرحمان

شاہد عباسی
شاہد عباسی
Hafiz naeem
مارچ کا مقصد پاکستان کے دفاع، فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنایا گیا تھا، نہ کہ کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے نام پر بلکہ “لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نظریے پر بنا تھا۔ 

جماعت اسلامی کی جانب سے “دفاعِ پاکستان و غزہ مارچ” ایبٹ آباد میں منعقد کیا گیا، امیر جماعتِ اسلامی کا مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈیا نے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی،کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ “کل تک یہ کہا جاتا تھا کہ ٹینکوں میں ایندھن نہیں اور اگر حملہ کر دوں تو قوم منتشر ہے، مگر آج جب قیادت نے یکسوئی دکھائی تو پوری قوم متحد ہو گئی۔ دشمن کے 80 سے زائد ڈرون مار گرائے گئے اور وہ طیارے جو ناقابل شکست سمجھے جاتے تھے، زمیں بوس ہو چکے ہیں۔انڈیا کا گھمنڈ، جو برسوں سے چڑھتا جا رہا تھا، اب زمین پر آ گرا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ حالیہ حالات میں ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ پاکستان کے مستقبل سے مایوسی پھیل رہی ہے اور جگہ جگہ ایسے مناظر دیکھنے کو مل رہے تھے، جیسے قوم میں بغاوت کے آثار نمودار ہو رہے ہوں۔لیکن اس پورے عمل نے جو انڈیا کی جارحیت کی صورت میں ہوا اور پاکستان کی فتح کی صورت میں منتج ہوا ہے، اس نے قوم کو پھر سے اکٹھا کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنایا گیا تھا، نہ کہ کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے نام پر بلکہ “لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نظریے پر بنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کسی خاص طبقے کی جاگیر نہیں، اس کی بنیاد اسلام ہے اور یہی ہماری ریڈ لائن ہے۔ جو شخص یا ادارہ ہمیں اسلام اور پاکستان کے نظریے سے جوڑے گا، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور جو اس سے ہٹائے گا، ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔”

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حساب بھی دینا ہے، میں اپنی حکومت اور افواج سے کہتا ہوں کہ قوم کے وقار کو کبھی بھی اپ پیچھے کی طرف نہ ہونے دیں۔ اب مذاکرات کا عمل شروع ہوا ہے لیکن مذاکرات سے پہلے ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ثالسی کی پیشکش کون کر رہا ہے؟ ثالثی کی پیشکش امریکہ کر رہا ہے اور امریکہ کا کیا کردار ہے؟

Hafiz naeem
ٹینکوں میں ایندھن نہیں اور اگر حملہ کر دوں تو قوم منتشر ہے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام سے بے شک شکایات ہیں، حکمران طبقہ ظالم ہے، جاگیرداروں اور وڈیروں نے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، معیشت تباہ کی گئی ہے، لیکن اس سب کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم خود پاکستان سے بدظن ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت یا کسی ادارے سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ ہم پاکستان سے شاکی ہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ خود پاکستان مطالبہ کر رہا ہے کہ اُسے اس کے اصل مقصد سے ہم آہنگ کیا جائے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ٹرمپ سے جھوٹی امید نہ رکھیں، کوئی سمجھتا ہے ہمیں قید سے رہا چھڑائے گا، کسی کو لگتا ہے جنگ بندی کروائے گا لیکن وہ کسی کا نہیں، اس کی تعمیر میں کروڑوں ریڈ انڈینز کا خون شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سے کچھ لینا ہے تو خطے سے اتحاد بنانا ہو گا۔ چین، ترکی، روس اور ایران کے ساتھ افغانستان کو بھی ان بورڈ لے کر ثابت کرنا ہو گا، پھر سب ہماری زمین بھی دیں گے اور مانیں گے بھی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے، کشمیر کشمیریوں کا ہے، وہ دونوں مل کر یہ فیصلہ کریں گے، حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، وہ فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے، ایک نہیں سترہ قراردادیں ہیں۔ کشمیر پر سودے بازی کرنے یا کروانے والا چاہے ،ٹرمپ ہو یا کوئی اور ہمیں قبول نہیں ہے۔

Hafiz naeem ii
قوم کے وقار کو کبھی بھی اپ پیچھے کی طرف نہ ہونے دیں۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ “یہ ملک پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ بدترین حالات گزر چکے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس تحریک کو دوبارہ زندہ کریں اور پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کی کوشش کریں۔”

انہوں نے حالیہ پاکستان-انڈیا کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا جو خود کو ناقابلِ شکست سمجھتا تھا، وہ پاکستان کے مؤثر دفاع، اتحاد اور ایمان کے سامنے پاش پاش ہو گیا، دشمن نے تکبر کیا، ہم نے تدبر سے جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ فرانس سے خریدے گئے رافیل طیارے گرے، روس سے لی گئی دفاعی ٹیکنالوجی تباہ ہوئی، اسرائیل سے لیے گئے ڈرون خاک میں ملے، جسے طاقتور سمجھا جاتا تھا، وہ پاکستان سے شکست کھا گیا۔”

جماعت اسلامی کی جانب سے “دفاعِ پاکستان و غزہ مارچ” ایبٹ آباد میں جاری ہے۔ مارچ میں عوامی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے علیحدہ پنڈال قائم کیا گیا ہے، جبکہ میڈیا نمائندگان کے لیے بھی خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے۔

مارچ کے دوران سیکیورٹی کے تمام انتظامات جماعت اسلامی کے رضاکاروں نے سنبھال لیے ہیں۔ مرکزی جلسے میں مردو خواتین، بچوں کی آمد جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف تین مہینوں میں فیملی عدالتوں کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ، معاشرتی شعور یا بڑھتے مسائل؟

مارچ کا مقصد پاکستان کے دفاع، فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

پاکستان میٹرز کے ایڈیٹر شاہد عباسی بطور صحافی 2008 سے ڈیجیٹل نیوز میڈیا سے منسلک ہیں۔ اس سے قبل متعدد پاکستانی اور غیرملکی میڈیا اداروں کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔

شاہد عباسی

شاہد عباسی

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس