امریکی ریاستوں کینٹکی، میسوری اور ورجینیا میں شدید طوفان اور بگولوں کے باعث کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
کینٹکی میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، جہاں ریاست کے گورنر اینڈی بیشیر نے بتایا کہ کم از کم 14 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ کینٹکی آج کا دن افسوسناک خبر کے ساتھ شروع کر رہا ہے، اور امکان ہے کہ مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھے گی۔
لورئل کاؤنٹی میں 9 افراد ہلاک ہوئے، جو ریاست میں سب سے متاثرہ علاقہ ہے۔ علاقے کی فضائی تصاویر میں مکمل تباہی دیکھی جا سکتی ہے، جہاں گھر بکھر گئے اور گاڑیاں الٹ گئیں۔

میسوری میں بھی طوفان نے بڑی تباہی مچائی۔ سینٹ لوئس شہر میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ دو افراد ریاست کے جنوب مشرقی علاقے اسکاٹ کاؤنٹی میں مارے گئے۔ شہر کی میئر کارا اسپینسر نے کہا کہ آج رات ہمارا شہر سوگ میں ہے، کیونکہ طوفان کی تباہی واقعی خوفناک ہے۔ مقامی ہسپتالوں میں کم از کم 35 زخمیوں کو داخل کیا گیا ہے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
طوفان کی زد میں ورجینیا سمیت دیگر ریاستیں بھی آئیں۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق، جمعہ کو مسیسیپی، ٹینیسی اور اوہائیو وادیوں کے علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک اور بگولے آئے۔ نیو جرسی میں بھی ایک طوفان کی اطلاع ملی ہے۔ کم از کم چھ بگولے مسوری اور ہمسایہ ریاست الینوائے میں دیکھے گئے۔
ہفتہ کی صبح تک تقریباً 3 لاکھ 34 ہزار افراد بجلی کے بغیر تھے۔ پاور آؤٹیج کی سب سے زیادہ شکایات کینٹکی، میسوری اور مشی گن سے سامنے آئیں۔ شدید موسم کے باعث سینٹ لوئس کے دو پولیس اضلاع میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا تاکہ عوام کو خطرناک ملبے اور ممکنہ لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔
یہ طوفانی سلسلہ امریکا کے مختلف علاقوں میں شدید نقصان کا باعث بن رہا ہے اور حکام عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔