Follw Us on:

شہبازشریف، عاصم منیر نے ٹرمپ کے سامنے کمزوری دکھائی تو قوم معاف نہیں کرے گی، حافظ نعیم الرحمان

شاہد عباسی
شاہد عباسی
Gaza march
چکدرہ انٹر چینج پر جلسے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلام حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور عاصم منیر نے ٹرمپ کے سامنے کمزوری دکھائی تو قوم معاف نہیں کرے گی۔

امیر جماعتِ اسلامی نے ‘مردہ باد اسرائیل و ہندوستان مارچ چکدرہ ملاکنڈ’ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مدد کے لیے اسی ملاکنڈ ڈویژن سے لوگ نکلے تھے، کشمیر کا یہ حصہ آزاد ہوا تھا، نہرو اس مزاحمت سے مضحمل ہوکر اقوامِ متحدہ دوڑ کر پہنچا تھا اور تب حقِ خودارادیت کی قراراداد منظور ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا اعلان ہے کہ وہ انڈیا کی غلامی قبول نہیں کریں گے، کشمیری کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ اگر ہم شہید کر دیے جائیں تو ہمیں پاکستانی پرچم میں دفن کیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ملاکنڈ کے تاریخی جلسے میں خواتین کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر میں انڈین مظالم کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کی مدد کے لیے ملاکنڈ کے مجاہدین نکلے، آج آزاد کشمیر ملاکنڈ کے مجاہدین کی قربانیوں کے مرہون منت ہے، عنایت اللہ خان کے دادا بھی شہداء کشمیر ہیں۔

Whatsapp image 2025 05 18 at 6.11.42 pm
ملاکنڈ کے تاریخی جلسے میں خواتین کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم سے حکومت اور فوج نے کہا کہ وہ جذبہ جہاد سے لڑیں گے تو ہم نے ان کا ساتھ دیا، کشمیر پر جہاد کی بجائے کل کسی نے پسپائی اختیار کی تو ہم قوم کو ساتھ ملا کر انہیں نشان عبرت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہاد و تقویٰ کی وجہ سے اللہ نے ہمیں عزت دی، یہ ملک محض زمین کے حصول کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے کلام کو نافذ کرنے کے لیے بنا تھا۔ ٹرمپ پہلے کہاں تھا، اپنے اتحادی ہندوستان کو بچانے کے لئے وہ بیچ میں آیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ کو انسانیت کا درد ہوتا تو غزہ میں جنگ رکواتا، شہباز شریف اور عاصم منیر نے ٹرمپ کے سامنے کمزوری دکھائی تو قوم انہیں معاف نہیں کرے گی، حکمران خوف زدہ نہ ہوں، امریکا ہمیشہ شکست کھاتا ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 28 مئی کو یوم تکبیر کے ساتھ یوم ڈاکٹر عبد القدیر بھی منائیں گے، امریکا سے ڈر کر محسنِ پاکستان کے جنازے تک میں شریک نہ ہونے والی انجمن غلامانِ امریکا قوم کی ترجمانی نہیں کر سکتی، اس کے لیے دیانتدار قیادت ضروری ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادیں کل بھی موجود تھیں، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی۔ افواج پاکستان اور حکومت سے کہتا ہوں کہ مسئلہ کشمیر کے حل پر فوکس کریں، انڈیا اور اسرائیل مشترکہ ظالم ملک ہیں، انڈیا نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کرکے دنیا کو بےوقوف بنانے کی کوشش کی، انڈیا کا جھوٹ دنیا پر آشکار ہو گیا ہے، کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہی ہوگا۔

Hafiz naeem ii

دوسری جانب سابق امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے مارچ میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب حکمران ٹرمپ کا استقبال کر رہے تھے، دوسری طرف اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کو شہید کر رہا تھا، مودی نے مریدکے اور بہاولپور میں ہماری مساجد، خواتین اور بچوں کو شہید کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈیا مکار، موقع پرست اور بزدل دشمن ہے۔ انڈیا پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پھر بدلہ لینے کا منصوبہ بنائے گا۔ انڈیا پر امریکا مغرب کے اعتماد کا بت پاش پاش ہوگیا، عالم اسلام کے حکمران سمجھ لیں کشمیر فلسطین کو نظر انداز کرکے انہیں کبھی سکھ چین نہیں ملے گا۔

جماعت اسلامی کے جلسوں اور ریلیوں کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے، پنجاب، کراچی اور اسلام آباد کے بعد اب یہ جلسے اور ریلیاں خیبر پختونخوا میں کی جارہی ہیں۔

ہفتہ کے روز جماعت اسلامی کی جانب سے “دفاعِ پاکستان و غزہ مارچ” ایبٹ آباد میں منعقد کیا گیا، امیر جماعتِ اسلامی کا مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈیا نے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنایا گیا تھا، نہ کہ کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے نام پربلکہ “لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نظریے پر بنا تھا۔ 

Whatsapp image 2025 05 18 at 6.11.41 pm
ٹینکوں میں ایندھن نہیں اور اگر حملہ کر دوں تو قوم منتشر ہے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ “کل تک یہ کہا جاتا تھا کہ ٹینکوں میں ایندھن نہیں اور اگر حملہ کر دوں تو قوم منتشر ہے، مگر آج جب قیادت نے یکسوئی دکھائی تو پوری قوم متحد ہو گئی۔ دشمن کے 80 سے زائد ڈرون مار گرائے گئے اور وہ طیارے جو ناقابل شکست سمجھے جاتے تھے، زمیں بوس ہو چکے ہیں۔انڈیا کا گھمنڈ، جو برسوں سے چڑھتا جا رہا تھا، اب زمین پر آ گرا ہے۔

مالاکنڈ: اہلِ علاقہ کی غزہ سے اظہارِ یکجہتی اور پاکستانی فورسز کی حمایت میں قرارداد منظور

سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی خیبرپختونخوا (شمالی) کے نائب امیر بختیار معانی نے غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی اور انڈیا کی حالیہ جارحیت کے دفاع میں پاکستانی فورسز کی حمایت میں ایک قرارداد پیش کی، جسے مالاکنڈ کے عوام نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان پر حملوں اور اسرائیلی ڈرون کارروائیوں سے یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ عالمی کفریہ قوتیں پاکستان کے خلاف متحد ہو چکی ہیں۔ اس صورتحال میں ترکی سمیت کئی مسلم ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ امت مسلمہ آج بھی متحد ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنا، کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے لیے نہیں، حافظ نعیم الرحمان

مالاکنڈ کے عوام نے قرارداد کے ذریعے تمام مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک صف میں کھڑے ہو کر دشمنوں کا مقابلہ کریں اور امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اہلِ مالاکنڈ نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے ملک میں اتحاد و یکجہتی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو متحد رکھنے کے لیے ان کی قیادت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

قرارداد میں ان عناصر کی شدید مذمت کی گئی، جنہوں نے جنگی حالات میں ملکی مفاد کے برعکس بیانات دیے اور دشمن کے مؤقف کو تقویت پہنچائی۔

پاکستان میٹرز کے ایڈیٹر شاہد عباسی بطور صحافی 2008 سے ڈیجیٹل نیوز میڈیا سے منسلک ہیں۔ اس سے قبل متعدد پاکستانی اور غیرملکی میڈیا اداروں کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔

شاہد عباسی

شاہد عباسی

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس