چین کے جنوبی صوبوں گوانگ ڈونگ اور گوانگسی میں شدید بارشوں کے باعث پانچ افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہو گئے ہیں۔
حکام نے ملک کے جنوبی حصے میں موسلا دھار بارش، پہاڑی سیلاب اور زمینی تودے گرنے جیسے خطرات کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
قومی موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ اتوار سے پیر کے دوران جیانگ شی، ژی جیانگ، فوجیان، گوانگسی، گوانگ ڈونگ اور شمال مغربی سنکیانگ کے کچھ علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان میں سے ژی جیانگ، فوجیان، گوانگ ڈونگ اور گوانگسی کے کچھ حصوں میں پیلے رنگ کا وارننگ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جو پہاڑی علاقوں میں اچانک آنے والے سیلاب کے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈین شہر حیدرآباد میں شدید آگ، چھ بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے
چین میں موسمی خطرات کا چار سطحی نظام ہے، سرخ سب سے زیادہ سنگین، اس کے بعد نارنجی، پھر پیلا اور آخر میں نیلا۔ اس وقت پیلا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جو درمیانے درجے کے خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 چین کے لیے ریکارڈ شدہ تاریخ میں سب سے گرم سال رہا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کے ساتھ تیز آندھیاں اور شدید بارشیں بھی آئیں۔ ان موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جو صنعتی پیداوار اور روزمرہ زندگی پر اثرانداز ہوا۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق پیر سے منگل کے درمیان ملک کے انتہائی مغربی علاقے، جیسے تیان شان پہاڑوں کے قریب سنکیانگ، بھی شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
موجودہ موسمی حالات نے نہ صرف مقامی آبادی کی نقل و حرکت کو متاثر کیا ہے بلکہ زرعی زمینوں، رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ حکام نے ہنگامی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے اور لوگوں کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔