پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا گیا، جس میں گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل 12 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بین ڈوارشئیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ فن ایلن نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 27 گیندوں پر 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ انہیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔

کوئٹہ کی جانب سے دینیش چندیمل نے ناقابل شکست 48 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ فہیم اشرف 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
رائلی روسو نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے، مگر بین ڈوارشئیس نے انہیں بھی میدان بدر کر دیا۔ حسن نواز صرف 6 رنز بنا سکے اور شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے، جب کہ اووشکا فرنینڈو نے 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن انہیں شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے 2.3 اوورز میں 29 رنز دیے، تاہم ابھی تک وکٹ حاصل نہیں کر سکے، جب کہ شاداب خان نے اپنی ایک اوور میں صرف 3 رنز دے کر ایک اہم وکٹ حاصل کی۔
گلیڈی ایٹرز کے پہاڑ جیسے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 52 رنز، سلمان علی آغا نے 44 اور رسی وین ڈر ڈوسن نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ محمد عامر اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور اسلام آباد کی بیٹنگ لائن کو بکھیر کر رکھ دیا۔
یاد رہے کہ یہ میچ ایونٹ کا 31واں مقابلہ تھا، جو پلے آف مرحلے کے تحت کھیلا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس کامیابی کے بعد فائنل مرحلے میں رسائی کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔