Follw Us on:

کور کمانڈرز کانفرنس: ’خضدار دہشت گردی کی مذمت، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Asim munir
فورم نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور انسانیت سوز عمل قرار دیا۔ (فوٹو: ڈان)

راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا آغاز بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشتگرد حملے کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شرکاء نے خضدار حملے کو انڈین پشت پناہی میں چلنے والی دہشت گرد پراکسیز کی سفاک کارروائی قرار دیا، جس میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہوئے۔

فورم نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور انسانیت سوز عمل قرار دیا۔ شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

کانفرنس میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیاب تکمیل کو معرکۂ حق کا فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا گیا۔ فورم نے پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، قوم کی حمایت اور انٹیلیجنس اداروں کی ہم آہنگی کو سراہا۔

شرکاء کانفرنس نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک وژن، قومی دفاع کے لیے قیادت اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز پر مبارکباد دی۔

فورم نے موجودہ داخلی و خارجی چیلنجز، علاقائی سیکیورٹی اور مشرقی سرحد پر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کشمیر میں انڈین مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور انڈیا کی اشتعال انگیزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

فورم نے انڈین پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیرز اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاستی بیانیہ موثر انداز میں پیش کیا اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنایا۔

شرکاء نے انڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی دہشت گردی، جھوٹے بیانیے اور خطے میں عدم استحکام کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی صورت اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سرگرم انڈیا نواز دہشتگردوں کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ فورم نے کہا کہ پاکستان ہر جارحیت کا مکمل تیاری سے جواب دے گا۔

آرمی چیف نے اعلیٰ آپریشنل تیاری اور حالیہ کامیابیوں پر افواجِ پاکستان، انٹیلیجنس اداروں اور پوری قوم کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ ہم ان کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اتریں گے۔“

فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس